لندن(رائو افتخار احمد) برطانیہ میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر اور معروف صحافی واجد شمس الحسن لندن میں انتقال کرگئے۔
واجد شمس الحسن اسپتال میں 6 ہفتے سے زیرعلاج تھے، معروف صحافی گزشتہ 2 برس سے علیل تھے۔اہل خانہ کے مطابق ، واجد شمس الحسن کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
برطانیہ میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر واجد شمس الحسن کے انتقال پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ محترمہ بےنظیر بھٹو اور نانا ذوالفقار علی بھٹو کے ہمراہ واجد شمس الحسن کی یادگار تصاویر شیئر کیں۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے واجد شمس الحسن کو ایک صحافی، سفارتکار، ڈیموکریٹ اور خاندانی دوست کہہ کر الوداع کہا۔
انہوں نے لکھا کہ میرے لیے طاقت اور رہنمائی کا بے پناہ ذریعہ آج ہمیں چھوڑ گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ کے بغیر اب کچھ بھی پہلے جیسا نہیں ہوگا۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے واجد شمس الحسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ واجد شمس الحسن نے زندگی بھر جمہوریت ، انسانی حقوق ، آزاد پریس اور پیپلز پارٹی کے لیے وقف کردی۔
خیال رہے کہ واجد شمس الحسن 2008 میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر رہے دوسری جانب وہ 40 سال سے زائد عرصہ صحافت سے بھی وابستہ رہے۔