مانچسٹر (محمد فیاض بشیر سے) پاکستان تحریک انصاف برطانیہ نارتھ ویسٹ ریجن نے تحریک انصاف کے 29ویں یوم تاسیس کے موقع پر سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی ، ممتاز کاروباری سماجی و سیاسی شخصیت انیل مسرت کی والدہ بیگم مسرت و دیگر سرکردہ خواتین کے لیے مانچسٹر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا ۔
تقریب میں سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، تحریک انصاف کے سینئر راہنما صاحبزادہ جہانگیر ، تحریک انصاف برطانیہ نارتھ ویسٹ کے صدر آصف رشید بٹ،میزبان ڈاکٹر عندلیب یونس ، مسز مسرت نعیم ، نسرین بلو،نغمانہ کنول،مہک ، سفینہ الٰہی و دیگر نے شرکت کی ۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عمران خان پاکستان میں عدل و انصاف اور تعلیم کو عام کرنا چاہتے ہیں صرف پنجاب میں اتنے بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں کہ وہاں تک تو 2050 تک تعلیم عام نہیں ہو سکتی پاکستان کی تعمیر و ترقی کا واحد حل تعلیم کا عام ہونا عدل و انصاف اہلیت و قابلیت پر فیصلے اور حقیقی جمہوریت ہے ۔
ثمینہ علوی نے کہا کہ مانچسٹر میں بہنوں سے ملکر انتہائی خوشی محسوس کرتی ہوں اور آپ پاکستان اور عمران خان سے لازوال محبت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور عمران خان کے لیے مختلف ممالک کا دورہ کر کے اب برطانیہ میں ہیں تارکین وطن کا مادر وطن اور عمران خان کے ساتھ جذباتی رشتہ ہے جو آگے سے زیادہ مضبوط ہے۔
ڈاکٹر عندلیب یونس نے کہا کہ تحریک انصاف کی خواتین مردوں سے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر رہی ہیں خواتین کے کردار بغیر کوئی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی پاکستان کی آزادی میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا اب اس طرح ہم عمران خان کی رہائی اور پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں ۔مجھے تقریب کے انعقاد پر فخر ہے ۔
انیل مسرت نے کہا کہ میں نے پہلے اتنی بڑی تعداد میں خواتین کی تقریب کو نہیں دیکھا ہم سب عمران خان کی سوچ و فجر کے لیے ایک ہیں ۔سفینہ الٰہی نے کہا کہ سابق خاتون اول ثمینہ علوی نے پاکستان میں خواتین کے لیے نمایاں کام کیا ہے ہم انہیں برطانیہ خوش آمدید کہتے ہیں ۔
نعمانہ کنول نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے متفقہ لائحہ عمل اپنانے بارے بات چیت بھی ہوئی ۔مہک نے کہا کہ خواتین نے سماجی رابطوں کے ذریعے انتہائی فعال کردار ادا کیا ہے اپنی حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کے ساتھ ڈٹے رہیں جیت انشاء اللہ حق و سچ کی ہو گی۔
مسز مسرت نعیم اور نسرین بلو نے بھی تقریب کو مفید قرار دیا اور کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی عوام عمران کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے ہیں فتح حق سچ کی ہو گی ،تحریک انصاف برطانیہ نارتھ ویسٹ کی خواتین نے سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور بالخصوص انکی اہلیہ ثمینہ علوی کی پاکستان میں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بے حد سراہا۔