لارڈ واجد خان کی صدر عارف علوی سے ملاقات،پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کی تعریف

0

اسلام آباد (تارکین وطن نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو اعلیٰ ترجیح دیتا ہے اور باہمی فائدے کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو ایوان صدر میں لارڈ واجد خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر نے انہیں پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا جس کی وجہ سے کووڈ۔ 19 وبائی مرض کو کامیابی کے ساتھ قابو کیا گیا۔

لارڈ واجد خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو کووڈ۔ 19 کی وبا سے کامیاب طریقے سے نمٹنے پر مبارکباد دی اور اس سلسلے میں پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کی تعریف کی۔

ملاقات میں صدر مملکت نے گزشتہ 20 سالوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ افغانستان کی صورت حال کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو انسانی امداد فراہم کی ہے اور 12 ہزار سے زیادہ افغان اور غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں سہولت فراہم کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے تقریباً چالیس لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے ، اس کے علاوہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔صدر عارف علوی نے لارڈ واجد کو ہاؤس آف لارڈز تک ترقی پانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی برطانیہ کی عوام اور قیادت کی جانب سے ان کے وژن کے احترام کی عکاسی کرتی ہے۔

صدر مملکت نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں خدشات کو اجاگر کرنے کے لیے لارڈ واجد کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے بے گناہ لوگوں کے خلاف جاری دہشت گردانہ تسلط کا نوٹس لے اور بھارت کو اس کے مکروہ طرز عمل کا جوابدہ ٹھہرائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!