کویت:پاکستان اوورسیز فورم کے زیراہتمام عظیم الشان معراج النبیؐ کانفرنس کا انعقاد

0

عالمی شہرت یافتہ قاری و نعت خواں سید صداقت علی کی پرسوز آواز میں تلاوت اورمقامی نعت خوانوں نے ہدیہ نعت پیش کیا

کویت(رپورٹ:محمد عرفان شفیق) پاکستان اوورسیز فورم کے زیراہتمام ایک عظیم الشان معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں عالمی شہرت یافتہ قاری و نعت خواں قاری سید صداقت علی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ سفیر پاکستان ملک محمد فاروق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

کویت سے پاکستان کے دورے پر آئے چیمبرز آف کامرس کے ایگزیکٹیو ممبر رانا ندیم احمد نے بھی تقریب کے میزبان جواں سال بزنس مین محمد عرفان ناگرہ کی خصوصی دعوت پر اپنے کویت میں قیام کو توسیع دی اور تقریب میں شرکت کی۔

سفارتخانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ عامر سیال اور پاسپورٹ سیکشن کے انچارج عثمان نواز نے بھی خصوصی مہمانان کے طور پر شرکت کی۔کویت میں پی آئی اے کے کنٹری منیجر غلام نبی نے بھی خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔کویت میں پاکستانی تنظیموں کے صدور اور کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بھی تقریب کو رونق بخشی۔

نظامت کے فرائض معروف نقیب حکیم طارق محمود صدیقی نے اپنے مخصوص ولولہ انگیز انداز سے انجام دئیے۔ تلاوت قرآن کریم کی سعادت کمسِن حافظ حمزہ طارق نے حاصل کی۔ ابتدائی کلمات کیلئے کمیونٹی کی ممتاز شخصیت زبیر شرفی سینئر نائب صدر و ہیڈ لیبر ونگ (ن) کویت نے تمام آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ مقامی نعت خوانوں کو باری باری مائیک پر آنے کا موقعہ دیا گیا۔

ثاقب حسنین گل، مجاہد حسین صدیقی، محمد قمر نظامی، قاری فضل رسول چشتی، اعجاز احمد مغل، غلام سرور نقشبندی نے باری باری بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ ممتاز عالم دین و خطیب قاری خلیل احمد رضوی نے واقعہ معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی فضیلت بیان کی اور مستند احادیث کی روشنی میں مختصر اسرا و معراج کو بیان کیا۔ جس کے بعد عالمی شہرت یافتہ قاری و نعت خواں سید صداقت علی نے پہلے تلاوت قرآن کریم پیش کی۔

انہوں نے ان آیات کریمہ کی تلاوت فرمائی جن میں واقعہ معراج النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو بیان کیا گیا ہے۔ جس کے بعد انہوں نے پرسوز آواز میں بارگاہ نبوت میں گلہائے عقیدت بیان کئے۔ انہوں نے جب مشہور نعت کشف الدجا بجمالہ۔۔۔صلو علیہ والہ پیش کی، تو پورے ہال میں سماں بند گیا اور فرزندان توحید پر وجد سا طاری ہو گیا جس کے بعد انہوں نے مشہور نعت ’آرزو ہے سینے میں گھر بنے مدینے میں‘اور شرکاء کی فرمائش پر میاں محمد بخش کا کلام’ مولا کچھ نئیں میرے پلے‘پیش کی۔

آخر میں سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کو معراج مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ وہ عالمی شہرت یافتہ قاری و نعت خواں سید صداقت علی کو کویت میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کویتی بھائیوں کو یوم آزادی اور یوم تحریر پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

آخر میں تقریب کے میزبان محمد عرفان ناگرہ صدر اوورسیز بزنس فورم نے خطاب میں واقعہ معراج مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی اہمیت بیان کی اور بڑے ولولہ انگیز انداز میں علامہ اقبال کا شعر بیان کیا۔’ سبق ملا ہے یہ معراج مصطفی سے مجھے۔۔ کہ عالم بشریت کی زد میں ہے گردوں‘ ۔انہوں نے سفیر پاکستان ملک محمد فاروق، سیالکوٹ چیمبرز آف کامرس کے روح رواں رانا ندیم احمد اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

کویت کی یوم آزادی اور یوم تحریر کے حوالہ سے خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ سید صداقت علی اور عزت مآب سفیر پاکستان کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ مہمانوں کیلئے پرتکلف عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ چوہدری غضنفرجمشیدپلاہوڑی، شبیراحمدبٹ، چوہدری عقیل دانش گوندل، بدرسیماب اور محمدندیم اکبر نے مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!