پاک جاپان بزنس فورم باہمی تجارت کیلئے کوشاں رہے گا،سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ

0

’پاک جاپان بزنس فورم‘ کی جانب سے پاکستانی سفیر کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ

ٹوکیو (عرفان صدیقی) پاکستان اور جاپان کے مابین کاروبار کو فروغ دینے والی معروف پاکستانی تنظیم ’پاک جاپان بزنس فورم‘ کی جانب سے جاپان میں مقیم پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ کے اعزاز میں خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔عشائیے کی تقریب میں جاپان کی حکومتی اور اہم سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت کے فروغ میں پاک جاپان بزنس فورم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین تجارتی تعلقات موجود ہیں، تاہم ان میں بھرپور اضافے کی گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ امید ہے پاک جاپان بزنس فورم کلیم فاروقی کی سربراہی میں اپنی کوششوں میں مزید اضافہ کرکے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کی مزید کوشش کرے گا۔

اس موقع پر پاک جاپان بزنس فورم کے صدر کلیم فاروقی نے سفیر پاکستان کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔

تقریب میں جاپان کے پاکستان میں سابق سفیر ، جاپانی وزارت خارجہ کے افسران ،جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے افسران ،جاپان چیمبر آف کامرس کے عہدیدار اور جاپانی میڈیا کے نمائندے بھی شریک تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!