دبئی(شوبز نیوز)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے ساتھ افطار کیا۔
عدنان صدیقی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ابوظہبی سے اپنی کچھ نئی تصاویر شیئر کی ہیں۔ان تصاویر میں ان کے ہمراہ سابق کرکٹر شاہد آفریدی، شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور چند دیگر مشہور اماراتی شخصیات کو دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’اس افطاری پر کھانا اور زبردست گفتگو یکساں تھی۔
اُنہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر شیخ حمید بن احمد الحمید اور ان کے بیٹوں شیخ احمد بن حمید الحمید، شیخ سعید بن احمد الحمید کے ساتھ کھانا کھانا اور میرے سب سے پیارے دوست شاہد آفریدی اور انکی فاؤنڈیشن کے سی ای او ظفر اقبال ملک کی طرف سے دعوت ملنا میرے لیے اعزاز ہے اور اس سب کے لیے فہیم اظہر کا خصوصی طور پر شکریہ۔
اُنہوں نے شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے ہمراہ شیئر کی گئی تصاویر کے بارے میں لکھا کہ’شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی زبردست صحبت میں افطار کرنا شاندار کھانے کے ساتھ ایک مثالی ملاقات تھی‘۔
اداکار کی ان تصاویر کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔