فارن ایکسچینج ریزروز کو سپورٹ کرنے کےلئے حکومت امارات نے ایک بلین ڈالرز دیئے ہیں
سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کی پاکستان جرنلسٹس فورم کے پروگرام "گیسٹ ان ٹاؤن” میں شرکت اور خطاب
امارات کی جیلوں میں بند پاکستانی قیدیوں کی پاکستان واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے، اب بہت سے قیدی اپنی سزاؤں کا بقیہ حصہ پاکستان کی جیلوں میں گزارسکیں گے
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کے فارن ایکسچینج ریزروز کو سپورٹ کرنے کےلئے حکومت امارات نے ایک بلین ڈالرز سینٹرل بینک میں جمع کرائے ہیں، جس سے قرضے اتارنے اور پاکستان کے دیگر معاملات کو آگے چلانے میں مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے پروگرام "گیسٹ ان ٹاؤن” میں کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کڑا وقت آیا ہے یو اے ای کی حکومت نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہےجس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔
یو اے ای اور پاکستان کے مابین تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جو دن بہ دن بڑھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے سرمایا کاری بھی پاکستان جا رہی ہے جس سے پاکستان بہت جلد موجودہ بحرانوں سے باہر آ جائے گا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ امارات میں مقیم پاکستانی صحافی اپنے فرائض بطریق احسن انجام دے رہے ہیں،سفیر پاکستان نے کہا کہ وہ پاکستان جرنلسٹس فورم کے پروگرام "گیسٹ ان ٹاؤن” میں آ کر بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں جبکہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں آ کرمیڈیا ارکان سے خطاب کرنا ان کے لئے قابل فخربات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی صحافی متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان برج کا کردار ادا کر رہے جو لائق صد تحسین و آفرین ہے،فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ امارات کی جیلوں میں بند پاکستانی قیدیوں کی پاکستان واپسی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
اب بہت سے قیدی اپنی سزاؤں کا بقیہ حصہ پاکستان کی جیلوں میں گزارسکیں گے، وہاں رہتے ھوئے وہ اپنے عزیز و اقارب سے بھی مل سکیں گے، سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کے اعزاز میں منعقدہ اس تقریب میں پریس قونصلر شازیہ سراج، پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے جنرل سیکرٹری زاہد حسن، چنار ونگ کے صدرراجہ امجد کبیر، کلچرل ونگ کے نفر حسین، پی جے ایف کی طرف سے طاہر منیر طاہر، حافظ زاہد علی، زمرد بونیری، سعدیہ عباسی، خالد محمود گوندل، اعجاز گوندل، مظفر رضوی، عنایت الرحمان، جمیل خان، وحید بابر، کاشان تمثیل ہاشمی، عارف شاہد، سمیع اللہ، اور وحید عباس بھی موجود تھے۔
شرکائے تقریب نے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کی پاکستان جرنلسٹس فورم ونگ آف پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں آمد پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔