کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی تنازع اور زمین کا مسئلہ نہیں،2کروڑ کشمیریوں کے مستقبل اور حق خودارادیت کا مسئلہ ہے،محمد غالب
اوسلو (نیوز ڈیسک) تحریک کشمیر یورپ ناروے کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے ناروے میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی سطح پر بھر پور حمایت کرتا ہے، پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا، اہل کشمیر اپنے حق خودارادیت کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، یہ سلسلہ 13جولا ئی 1931سے جاری ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرے تاکہ خطے میں امن قائم ہو دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہوں ۔
تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان سرحدی تنازع اور زمین کا مسئلہ نہیں بلکہ 2کروڑ کشمیریوں کے مستقبل اور حق خودارادیت کا مسئلہ ہے ،عالمی برادری، اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا جو حق دے رکھا ہے بھارت اور پاکستان نے بھی اسے تسلیم کیا تھا پاکستان مسئلہ کے پُرامن حل کیلئے تیار ہے، بھارت عالمی معاہدوں اور اپنے وعدوں کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے کشمیریوں کا قتل عام اور غیر قانونی ہتھکنڈے اور سازشیں کر رہا ہے، حالیہ تحریک آزادی 13جولائی 1931کے شہدائے کشمیر کا تسلسل ہے، اس روز اذان مکمل کرنےکے لئے 22 مسلمانوں نے شہادت کا نذرانہ پیش کیا، کشمیریوں نے کبھی بھی غاصبانہ قبضہ کو قبول نہیں کیا۔
تحریک کشمیر یورپ ناروے کے زیر اہتمام یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر منعقدہ کشمیر کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شہدائے کشمیر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دنیا کو خطے کے امن کیلئے مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور افادیت کو سمجھنا ہوگا، یورپ اور امریکہ کا اقوام متحدہ پر جو اثر رسوخ ہے اس کا تقاضا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر توجہ دیں، بھارت پر سیاسی، سفارتی اقتصادی دباؤڈالیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
انڈیا اور پاکستان کے درمیاں تعلقات دو ایٹمی قوتوں کے درمیان کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے اور دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ کانفرنس کی صدارت تحریک کشمیر یورپ ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی نے کی انہوں نے شہدائے کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض تحریک کشمیر یورپ ناروے کے جنرل سیکرٹری چوہدری رفاقت علی نے انجام دیئے، انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کا تعارف کرایا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، تحریک کشمیر ناروے کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اورآئندہ کے پروگرام 5 اگست کو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
کانفرنس سے تحریک کشمیر یورپ کے جنرل سیکرٹری میاں محمد طیب، الخدمت فاونڈیشن پاکستان پنجاب کے نائب صدر میاں وقاص وحید ، مختلف سیاسی، سماجی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں نے خطاب کیا اور جیلوں میں قید حریت کانفرنس کے رہنماؤں کی رہائی اور ان کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی ہو رہی اس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی غیر انسانی حربوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔