سفارتخانہ پاکستان فرانس کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

0

بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام ہوگا،سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد

پاکستان بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو یکسرمسترد کرتا ہے،خطاب

پیرس(رپورٹ:سلطان محمود)فرانس میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا۔

‎ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو یکسرمسترد کرتا ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبانے میں ناکام ہوگا ۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیرکو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

‎دیگر مقررین نے5اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔

قبل ازیں یومِ استحصال کے حوالے سے ایک ویبینار کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سفیرِ پاکستان نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے ۵ اگست ۲۰۱۹ کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں اٹھائے گئے غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔

‎سیمینارکے بعد شرکا ء نے کشمیریوں کے حق میں اور بھارت کے خلاف ریلی بھی نکالی۔شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!