مشکل حالات سے ملک اور قوم کو نکالنے کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں، اعجازخان
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اور عمران خان کے دست راست اعجاز خان نے کہا ہے کہ قوم کے مقبول اور معتبر ترین سیاسی قائد عمران خان کے خلاف موجود فیصلے کو عدالتی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
عمران خان کے خلاف سازش اور انتقام کی ایسی بھونڈی کوشش کو قوم ہرگز قبول نہیں کرے گی، اوورسیز پاکستانی چیف جسٹس سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عمران خان کے خلاف ناقص، مضحکہ خیز، بدنیتی پر مبنی اور ٹھوس قانونی بنیادوں سے محروم فیصلے کو کالعدم قرار دے کر عمران خان کو انصاف دیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کرپٹ حکمرانوں کے ٹولے کا صرف ایک مقصد ہے کہ عمران خان کو ہر صورت میں راستہ سے ہٹانا ہے کیونکہ ان میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ یہ الیکشن میں عمران خان کا مقابلہ کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کے لئے بہت فکر مند ہے اس امپورٹڈ حکومت نے ایک عمران خان کو نیچا گرانے کیلئے پاکستان کو ہی نیچے اندھیرے میں دھکیل دیا ہے اس مشکل حالات سے ملک اور قوم کو نکالنے کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔