سویڈن :ہانس طوفان نے تباہی مچادی،متعدد شہروں میں سیلابی صورتحال،ٹرین الٹ گئی، سڑکیں پانی میں بہہ گئیں
اسٹاک ہوم (رپورٹ:زبیر حسین) سویڈن میں ہانس طوفان نے تباہی مچادی، متعدد شہروں میں سیلابی صورتحال، ٹرین الٹ گئی، سڑکیں پانی میں بہہ گئیں،محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 25 سالوں میں سب سے خطرناک طوفان کا سامنا ہے۔
تفصیلات کےمطابق اتوار کی شام سویڈن میں داخل ہونے والےطوفان ہانس نے پورے سویڈن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ملک کے بڑے حصوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔
سویڈن کے محکمہ موسمیات نے نے منگل اور بدھ کو مغربی سویڈن جس میں کارل اسٹاد، اوریبرو، اسکووڈے، بوراس اور جونکوپینگ جیسے شہروں میں سیلابی صورتحال کی پیش نظر وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
سویڈن اور ناروے سے متصلہ علاقوں میں طوفان ہانس نے بڑی تباہی پھیردی متعدد گاؤں میں سیلاب جبکہ سڑکیں بھی متاثر ہوئیں۔ سویڈن کے شہر ہودیکس وال میں ٹرین خراب موسم کے باعث پٹری سے اتار گئی۔
اطلاعات کے مطابق ٹرین میں 120 مسافر سوار تھے جنہیں باحفاظت ریسکیو کر لیا گیا جبکہ دو مسافروں کو معمولی زخموں کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بدھ کی شام تک اسکینڈے نیویائی ممالک میں رہے گا، ریڈالرٹ جاری ہونے والے علاقوں میں عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔