سفارت خانہ پاکستان کویت میں، "کشمیر بلیک ڈے” پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، عالمی برادری سے انڈین مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے کی اپیل
کویت (محمد عرفان شفیق) سفارت خانہ پاکستان کویت میں کشمیر بلیک ڈے کے حوالہ سے گذشتہ روز ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کشمیریوں پر انڈین فوج کے مظالم کی پرزور مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ انڈین فوج کے کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔
تقریب کی صدارت سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے کی۔ کمپیئرنگ کے فرائض کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ عامر سیال نے احسن طریقہ سے انجام دیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز حافظ عامر کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔
کمیونٹی کی ممتاز شخصیات پیر امجد حسین صدر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت، ڈاکٹر جہانزیب عثمان صدر عوامی نیشنل سنٹر کویت، رانا اعجاز حسین سہیل ایڈوکیٹ صدر کویت پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن، سید جعفر صمدانی صدر پاکستان عوامی سوسائٹی کویت، سہیل یوسف ممتاز تعلیمی و ادبی شخصیت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور انڈین فوج کے مظالم کی پرزور مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انڈین حکومت کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے پر مجبور کرے۔
سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے کشمیر بلیک ڈے کے موقعہ پر صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ انہوں نے انڈین حکومت کے 5، اگست 2019 کے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی پرزور مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انڈین حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینے اور حق خود ارادیت پر مجبور کرے۔