برسلز میں شدید بارش کے باوجود یوم سیاہ پر بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ

0

برسلز(نمائندہ خصوصی)کشمیرکونسل یورپ (کے سی ای یو) کے زیراہتمام 6جنوری بروز جمعہ بھارت کے یوم جمہوریہ (یوم سیاہ) کے موقع پر برسلزمیں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے کی قیادت کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کی۔

مظاہرے میں جس کے لیے کشمیرکونسل یورپ کو دیگر تنظیموں کا تعاون بھی حاصل تھا، شدید بارش اور سردی کے باوجود بڑی تعداد میں کشمیری اور ان کے ہمدرد شریک ہوئے۔ مظاہرین نے کتبے اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پرکشمیریوں کے حق میں اوربھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بندکرے اورکشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کے لئے اپنے وعد وں پر عمل کرے۔ مظاہرے میں چوہدری خالد جوشی، راؤ مستجاب، سردار محمود اقبال، ندیم مہر، سید اسلم شاہ، زاہد شاہ، ظہیر زاہد، شازیہ اسلمو دیگرمتعدد شخصیات شریک ہوئیں۔

اپنے خطاب میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مطالبہ کیاکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکاجائے اور کشمیریوں کو ان کاحق دیاجائے تاکہ مسئلہ کشمیر منصفانہ طور پر حل کیا جاسکے۔

یادرہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ کو مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پوری دنیا میں رہنے والے کشمیری ہرسال یوم سیاہ کے طورپرمناتے ہیں۔

علی رضاسید نے کہاکہ کشمیریوں کوان کے حقوق ملنے چاہیں، ان پرناانصافیاں ختم ہونی چاہیں اور مسئلہ کشمیر بلاتاخیر پرامن طور پر حل کیا جانا چاہیے تاکہ کشمیری پرامن اور خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔ علی رضا سید نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

انہوں نے پابند سلاسل اہم سیاسی، سماجی اور صحافتی کشمیری شخصیات کا تذکرہ کیا اور کہاکہ بڑی تعداد میں کشمیری بے جرم و خطا قید ہیں اور کالے قوانین کے تحت قید ہیں اور ان پر بے بنیاد مقدمات قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرمیں امن کا تعلق پورے جنوبی ایشیاء میں امن سے ہے،کشمیرمیں امن ہوگاتوپورے خطے میں امن ہوگا اور خوشحالی آئے گی۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے حق خودارادیت سے کبھی بھی دستبردارنہیں ہوگی اور اس حق پر کبھی بھی سودابازی نہیں کرے گی۔

مظاہرے کے شرکاء نے بتایاکہ بھار ت کے یوم جمہوریہ کے موقع پراحتجاج کامقصد یہ ہے کہ ہم پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بھارت طویل عرصے سے غیرقانونی طور پر جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قابض ہے اور کشمیریوں کے جمہوری اور انسانی حقوق پامال کررہا ہے۔ روزانہ کی بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ، ماورائے عدالت قتل اور تشدد اور خواتین کی بے حرمتی جاری ہے۔ مظاہرے کے شرکاء نے کہاکہ شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!