جرمنی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کا ایرانی ٹیکسی ڈرائیور کے ہاتھوں بہیمانہ قتل،بیٹی اور بیوی شدید زخمی
اولم (رپورٹ:مطیع اللہ) جرمنی کے شہر اولم میں ایک پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور فہیم الدین کو ایرانی ٹیکسی ڈرائیور نے گھر میں داخل ہوکر چھریوں کے بےدرپے وار کرکے قتل کردیا۔اس حملے میں مقتول کی بیوی اور ایک بیٹی شدید زخمی ہوئی ہیں ، جبکہ دوسری بیٹی نے بمشکل باہر بھاگ کر اپنی جان بچائی ۔
مقتول کی زخمی اہلیہ اور بیٹی دونوں ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کی حالت تسلی بخش نہیں ہے ۔پاکستانی صحافتی ذرائع کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایرانی قاتل کو گرفتار کیا اور اس موقع پر قاتل نے پولیس پر بھی چھریوں سے حملہ کرنے کی کوشش کی،پولیس نے اس قتل کے المناک واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے ۔
خبروں کے مطابق ایرانی ٹیکسی ڈرائیور بھی اسی عمارت میں ان کے پڑوس میں مقیم تھا۔ جھگڑے کی معین وجوہات ابھی سامنے نہیں آئیں ۔ مقتول کا تعلق کراچی سے تھا ۔
پاکستانی کمیونٹی کے ذرائع کے مطابق مقتول ٹیکسی ڈرائیور فہیم الدین کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے جس میں پاکستانی قونصل جنرل زاہد حسین ،پاکستانی و ترکیہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے جنازہ میں شرکت کی اور قتل کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ۔
اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل نے مقتول کی فیملی سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں ہرقسم کے تعاون کا یقین دلایا اور ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یکجا رہنے اور آپس کے تعلقات بحال رکھنے پر زوردیا ۔