بارسلونا(تارکین وطن نیوز) یورپی ملک سپین کے علاقے بارسلونا کے ایریاپلاسا تتوان میں آگ لگنے سے دو کم سن پاکستانی بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ آگ سڑک پر واقع خالی بینک کے ایک پرانے دفتر میں لگی جہاں ایک پاکستانی فیملی تقریباً دو سال سے مقیم تھی۔
آتشزدگی کے واقعے میں چارافراد کی دم گھٹنے سے حالت خراب ہونے کی بھی اطلاع ہے، ان میں سے دوکو ہسپتال دل مار اور دوکو ہسپتال سانت پاؤ میں داخل کرادیا گیا ہے۔ میئر آداکولاؤ نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہاکہ یہ فیملی سوشل سکیورٹی کے ادارے سے وابستہ تھی اور ہم انکی خراب معاشی حالت سے باخبر تھے۔
انتظامیہ نے فوری طور پر پاکستان کے قونصل جنرل عمران علی چوہدری سے رابطہ کیا جنہوں نے ہلاک شدگان کے بارے میں معلومات لیں اوران کی میتوں کے بارے میں قانونی کارروائی تیز کرنے کے بارے میں مقامی حکام سے درخواست کی ۔
رواں سال بارسلونا میں یہ آتشزدگی کا پانچواں واقعہ ہے،جس کا اختتام ہلاکتوں پر ہوا ہے۔پچھلے سال بارسلونا ساحل کے قریبی علاقے میں آتشزدگی سے بھی پاکستانی نوجوان ہلاک ہوئے تھے۔