جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچر سوسائٹی کے زیراہتمام جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب

0

پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے ہمیں ہر قسم کے اختلافات بھلا کر مل جل کر کام کرنا ہوگا،سفیر پاکستان ثقلین سیدہ

فرینکفرٹ (رپورٹ:مطیع اللہ) جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچر سوسائٹی کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلے میں گرینڈ فیملی جشن آزادی، کلچرل اینڈ میوزیکل شو کی رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے خصوصی شرکت کی۔ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھی۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچر سوسائٹی کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلے میں گرینڈ فیملی جشن آزادی، کلچرل اینڈ میوزیکل شو کی رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں برلن سے سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے جبکہ قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ سے قونصل جنرل زاہد حسین اور ہیڈ آف چانسری شفاعت کلیم نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر خواتین اور بچوں سمیت پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی، لوگ رنگ برنگے ملبوسات میں نظر آئے جبکہ پاکستانی پرچم بھی اپنی بہار دکھاتے رہے۔ سفیر پاکستان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے اُن کا استقبال کیا گیا اور اُن کو پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچر سوسائٹی کے عہدیداران اظہر کیانی اور زاہد چوہدری کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نعت رسول مقبول (ص) بھی پیش کی گئی۔ پروگرام کی نظامت اظہر کیانی ، زاہد چوہدری اور شازیہ نورین (Naurain)نے نہایت خوبصورت انداز میں کی۔ حاضرین محفل قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہو گئے جبکہ بچوں کی ایک بڑی تعداد نے سفیر پاکستان ثقلین سیدہ کے ہمراہ سٹیج پر قومی ترانہ پڑھا اور بچوں کے جھرمٹ میں سفیر پاکستان نے پاکستان کی 77 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔

حالیہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاکستان کی سالگرہ کے کیک پراُن کی تصویر لگاکر جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے اُن کی کامیابی کا بھی جشن منایا۔

پروگرام میں بچوں کے تین گروپس نے حصہ لیا جن میں الکرم گروپ، پی سی ایف گروپ اور ذیشان گروپ شامل ہیں ۔ ننھے بچوں نے سارے صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوتے صوبائی لباس زیب تن کر کے ٹیبلو پیش کیا جسے حاضرین نے بیحد سراہا، بڑے بھی گیمز میں کسی سے پیچھے نہ رہے اور میوزیکل چیئرز میں ایک دوسرے کا مقابلہ کرتے نظر آئے۔

معروف شاعر شفیق مراد نے اپنی خوبصورت نظم پیش کی، پروگرام کے مہمان اعزاز معروف پوڈ کاسٹر پاکستان حافظ احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں منظم تقریب دیکھ کر بہت اچھا لگا ۔خاص کر بچوں کی پرفارمنس کو خوب سراہا ۔ اور تمام انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ۔

پروگرام کو سپانسرز کرنے والی کاروباری شخصیات کو پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچرل سوسائٹی فرینکفرٹ کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا، ان کاروباری شخصیات میں شفاعت شاہ، راجہ طارق ستی ، سید آصف گیلانی، ثمینہ صاحبہ ، رانا وسیم ، عرفان سلیم ، علی شیخ، سید خرم رضا کاظمی ، راجہ انجم چوہان اور احمد تبسم شامل ہیں ۔

پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچرل سوسائٹی فرینکفرٹ کے صدر چوہدری احسان نذیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ہمارا یہ تیسرا گرینڈ فیملی جشن آزادی، کلچرل اینڈ میوزیکل شو ہے ۔ایسے پروگراموں کے انعقاد کا مقصد یہاں پر پیدا ہونیوالے پاکستانی بچوں کو اپنے کلچر سے جوڑے رکھنا ہے ۔ انہوں نے سفیر پاکستان محترمہ ثقلین سیدہ صاحبہ سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔

سفیر پاکستان ثقلین سیدہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں ہر قسم کے اختلافات بھلا کر اور مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ سفیر پاکستان نے پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچر سوسائٹی کی ٹیم کو پاکستان ایمبیسی کی جانب سے شیلڈ پیش کی۔

پروگرام کے آخر میں انگلینڈ سے آئے سنگر طارق خان اور روبی اختر نے ملی نغمے گا کر محفل کا لطف دوبالا کر دیا۔ تقریب میں آئے لوگ پرتکلف کھانوں سے بھی محظوظ ہوئے۔ حاضرین محفل نے خصوصی طور پر پروگرام کے روح رواں اظہر کیانی اور زاہد چوہدری کو سراہا جنہوں نے اتنا اچھا پروگرام ترتیب دیا اور لوگوں کو لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔

پاک جرمن انٹیگریشن اینڈ کلچرل سوسائٹی فرینکفرٹ کی ٹیم جن میں چوہدری احسان نذیر، راجہ اظہر کیانی، زاہد چوہدری، راجہ ناصر، چوہدری ناصر اور راجہ ارشد خان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!