عوامی جمہوریہ چین کے 75ویں قومی دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

0

خیبر پختون خوا کا پاک چین دوستی میں اہم کردار ہے، بیرسٹرسیف

پشاور (ویب ڈیسک) پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنا ونڈو کے زیر اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی۔ جمعرات کے روز تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کے موقع پر اس تقریب کا انعقاد بلاشہ اس امر کی عکاسی ہے کہ اہل خیبر پختون خوا اور اہل پشاور بھی اپنے چینی بہن بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور اور صوبائی حکومت کی جانب سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر عزت مآب جیانگ زائی ڈونگ اور تمام سفارتی عملے کو بھی چین کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ خیبر پختون خوا کا پاک چین دوستی میں اہم کردار ہے۔سی پیک ہماری معاشی ترقی اور خوش حالی کا باعث بن سکتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جہاں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے وہیں خوش حالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔

انہوں نے چینی حکومت کو یقین دلایاکہ صوبائی حکومت اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پشاور میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خوا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے چین کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ اقتصادی ترقی کے عمل کو تیز کرنے، ثقافتی تعلقات کو خاص طور پر بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، چین اور ایران خطے میں قیام امن اور اقتصادی ترقی کے حوالے سے انتہائی اہم شراکت دار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!