پی آئی اے ریاض کی جانب سے سیلز اینڈ مارکیٹنگ منیجر شیخ ارشد کے اعزاز میں الوداعی تقریب

0

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے سیلز اینڈ مارکیٹنگ منیجر شیخ محمد ارشد ریٹائر ہوگئے پی آئی اے کے افسران سمیت اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی نے الوداعی تقریب میں شیخ ارشد کی دوران سروس خدمات کو سراہا اور ان سے اپنی دلی محبت کا اظہار کیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن ریاض ریجن کے منیجر محمد بلال احمد کی جانب سے شیخ محمد ارشد کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں پی آئی اے کے کنٹری منیجر جان محمد مہر کے علاوہ دیگر افسران شریک تھے۔ اسکے علاوہ سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد جٹ سمیت پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی، سماجی،ادبی اور صحافتی شخصیات شریک تھیں۔

اس موقعہ پر شیخ محمد ارشد کا کہنا تھا کہ انہوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصہ سعودی عرب میں گزارا اور ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ اپنے ہم وطنوں کو پیشہ ورانہ امور کے حوالے سے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اس دوران پاکستانی کمیونٹی سے مراسم بھی قائم ہوئے اور احباب سے محبت اور خلوص پر مبنی رشتے قائم ہوئے، حرمین شریفین کی بدولت سعودی عرب ہمیشہ دوسرا گھر ہی محسوس ہوا۔

شیخ محمد ارشد کا مزید کہنا تھا کہ آج وہ ریٹائر ہو رہے ہیں اور وہ دعاءگو ہیں کہ پاکستان دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرے اور پاکستان عالم اسلام سمیت پوری دنیا میں سب سے معتبر ملک بن کر ابھرے۔

اس موقعہ پر پی آئی اے ریاض ریجن کے مینجر محمد بلال احمد اور کنٹری منیجر جان محمد مہر کا کہنا تھا کہ شیخ ارشد ایک انتہائی نفیس اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک ہیں جنھوں نے ہمیشہ فرض شناسی اور تندہی سے اپنے فرائض انجام دیئے اور پی آئی اے کے مختلف امور کو انتہائی خوش اسلوبی سے انجام دیتے رہے جس پر پی آئی اے کا پورا ادارہ ان کا شکر گزار ہے اور انکی خدمات کو کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا۔

پاکستانی کمیونٹی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ شیخ محمد ارشد کمیونٹی کا شمار اہم ترین شخصیات میں ہوتا ہے جنھوں نے اپنے اچھے اخلاق سے ہر سماجی محفل میں اپنے مثبت کردار سے اپنی چھاپ چھوڑی ہے پاکستانی کمیونٹی کا ایسا کوئی فرد نہیں ہوگا جو شیخ ارشد سے دلی لگاو اور محبت نا رکھتا ہو۔

تقریب کی نظامت کے فرائض وقار نسیم وامق نے بخوبی سرانجام دئیے جبکہ تلاوت کلام پاک سے ابتداء محمد عمران نے کی۔الوداعی تقریب کے اختتام پر شیخ محمد ارشد کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا جبکہ کیک بھی کاٹا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!