ایتھنز میں سید حسن نصر اللہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، فلسطینی جدوجہد کے حق میں بھرپور اظہارِ یکجہتی

0

ایتھنز (انصر اقبال بسراء) یونانی دارالحکومت ایتھنز میں شیعہ مسلم کمیونٹی گریس کے زیر اہتمام شہید سید حسن نصر اللہ کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونانی اراکین پارلیمنٹ، سماجی شخصیات، اساتذہ، صحافیوں، مذہبی رہنماؤں، مسلم سفارتکاروں اور مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید سید حسن نصر اللہ کی فلسطینی جدوجہد کے لیے دی گئی قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تعزیتی ریفرنس کے دوران شیعہ مسلم کمیونٹی کے ترجمان، سید اشیر حیدر نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے سید حسن نصر اللہ کی سوانح حیات اور فلسطین کی آزادی کے لیے ان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اسرائیل کی جانب سے 40 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی شہریوں کے قتل کو "نسل کشی” قرار دیا۔

مقررین نے مغربی ممالک کی اسرائیلی جارحیت پر خاموشی کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور خطے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کے حکمرانوں کو صیہونی ریاست کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیا۔

تقریب کے دوران فلسطین اور لبنان میں جاری صیہونی مظالم پر مبنی مختصر ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ شرکاء نے شہید سید حسن نصر اللہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

تقریب میں ایک تعزیتی کتابچہ بھی رکھا گیا تھا، جہاں شرکاء نے شہید کے لیے اپنے پیغامات اور تاثرات قلمبند کیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!