یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی سیالکوٹ، شعبہ ڈیزائن اینڈ ٹیکسٹائل میں شاندار نمائش کا انعقاد

0

ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ خان ستارہ امتیاز کی قیادت میں جامعہ ترقی کی منازل طے کر رہی ہے

یو ایم ٹی سیالکوٹ کیمپس کے ہونہار طلبہ دنیا بھر میں اپنا ہنر منوانے میں کامیاب ہوں گے اور ڈیزائن اور ٹیکسٹائل کی دنیا میں انقلاب برپا کر دینگے

نمائش میں مختلف صنعتوں کے ماہرین، فیشن ڈیزائنرز، اور ٹیکسٹائل کے جن پیشہ ور افراد نے شرکت کی

دبئی (طاہر منیر طاہر) شہر اقبال سیالکوٹ تجارتی و کاروباری لحاظ سے پاکستان میں خاص مقام رکھتا ہے۔ شہر کے اعلی تعلیمی اداروں میں بلاشبہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی سیالکوٹ کیمپس کا نام سر فہرست ہے۔ اس نجی جامعہ کی بنیاد 1990 میں ماہر تعلیم ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے لاہور میں رکھی۔ پروفیسر صہیب مراد کی وفاکے بعد انکے بیٹے موجودہ صدر یو ایم ٹی اور سابق صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یونیورسٹی کے تعلیمی دائرہ کار وسیع کیا بلکہ خود پر اعتماد اور ٹیم پر بھروسہ کرتے ہوئے یونیورسٹی میں جدید اور انقلابی پروگرامز شروع کیے۔

یو ایم ٹی سیالکوٹ کیمپس کا قیام 2012 میں ہوا۔ جس نے چند ہی برسوں میں شہر میں اپنی ایک نمایاں پہچان بنا لی۔ جسکی بنیادی وجہ یہاں کا جدید طرز تدریس، بہترین سہولیات اور عصر حاضر کے تقاضوں کو پورا کرتے تعلیمی پروگرامز ہیں۔ بلاشبہ یو ایم ٹی سیالکوٹ کی ترقی میں موجودہ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ خان ستارہ امتیاز کا قابل قدر کردار ہے جن کی محنت، لگن اور ویژن کی بدولت یہ جامعہ دن دگنی، رات چو گنی ترقی کر رہی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ خان پاکستان کے ممتاز ایٹمی سائنسدان ہیں اور ان کا شمار محسن پاکستان ڈاکٹر عبدلقدیر خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ ڈاکٹر ظفر اللہ کی ناقابل فراموش خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انھیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا۔ ڈاکٹر صاحب کا تجربہ خاص طور پر کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز میں ان کی شاندار کارکردگی انکی قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گویا جب ایسے محنتی لوگ تعلیمی اداروں کی کمان سنبھالیں تو ترقی انکا مقدر بن جاتی ہے۔

یہ پروفیسر خان کی رہنمائی اور تجربہ ہی ہے جس نے یو ایم ٹی سیالکوٹ کو خاص طور پر کمپیوٹر سائنس، آئی ٹی، انجینئرنگ، اور بزنس کے شعبے میں نمایاں مقام دلایا۔ ان کی رہنمائی میں یونیورسٹی نے جدید تعلیم اور تحقیق میں بیشتر کامیابیاں حاصل کیں۔ سیالکوٹ کیمپس میں قائم ڈپارٹمنٹ آف ڈیزائن اینڈ ٹیکسٹائل میں منعقد ہونے والی فائنل ایئر تھیسس کی نمائش بھی ڈائریکیٹر ڈاکٹر ظفر اللہ خان کی ان تھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔اس نمائش کو نا صرف مقامی بلکہ قومی سطح پر زبردست پزیرائی ملی۔ طلبہ نے اپنے چار سالہ تعلیمی سفر کا اختتام ایک شاندار نمائش کے ذریعے کرتے ہوئے ڈیزائن، تخلیق اور انتہائی جدت اپنی محنت اور ہنر و فن کو اجاگر کیا۔

ڈائریکٹر یو ایم ٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ خان نے افتتا حی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ ہمارے طلبہ کی قابلیت اور تخلیقی صلاحیتوں کا عکس ہے۔ اس عمدہ نمائش نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم ایک نئی نسل کے تخلیق کار تیار کر رہے ہیں جو عالمی معیار کے ڈیزائن اور ٹیکسٹائل صنعت میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔نمائش میں طلباء نے جن موضوعات پر اپنے تھیسس پراجیکٹس پیش کیے، ان میں ملبوسات، ٹیکسٹائل ڈیزائن، اور گرافک ڈیزائن شامل تھے۔ ہر پراجیکٹ میں انفرادیت اور جدت کی جھلک نظر آئی۔ طلبہ نے اپنے ڈیزائنز میں مقامی ثقافت، جدید رجحانات، اور پائیداری کے اصولوں کو بھی مدنظر رکھا، جس نے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا۔

نمائش میں پیش کیے گئے کچھ دلچسپ پراجیکٹس میں ماحولیاتی تحفظ کے موضوع پر تیار کردہ فیشن کلیکشن، ہاتھ سے بنے ہوئے پائیدار ٹیکسٹائل، اور جدید گرافک ڈیزائن بھی شامل تھے۔ شرکاء نے پراجیکٹس دیکھنے کے بعد نہ صرف یو ایم ٹی سیالکوٹ کے طلبہ کی محنت کو سراہا بلکہ انکے منفرد نظریات اور تکنیکی مہارتوں کا بھی اعتراف کیا۔اس نمائش میں مختلف صنعتوں کے ماہرین، فیشن ڈیزائنرز، اور ٹیکسٹائل کے جن پیشہ ور افراد نے شرکت کی ان میں معروف ڈیزائنر محسن نوید رانجھآ، سی ای او اعوان سپورٹس ملک جرار اعوان، سی ای او سٹی میگ خالد لطیف، صدر وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ ڈاکٹر مریم نعمان، سی ای او گولڈ سٹار میڈیکل انسٹرومنٹ سکندر حیات، کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ شیدائی صوفی عبدا لجلیل چاچا کرکٹ اور ممتاز سماجی رہنما عبدالشکور مرزا شامل ہیں۔

ان ماہرین نے طلباء کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ڈیزائنرز مستقبل میں صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ نمائش بتا رہی ہے کہ ہمارے نوجوان ڈیزائنرز نہ صرف جدید رجحانات کے مطابق کام کر رہے ہیں بلکہ مقامی ثقافت اور اقدار کو بھی اپنائے ہوئے ہیں اور یو ایم ٹی سیالکوٹ کے طلبہ محنت، تخلیق اور جدت کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر الله خان کی قیادت اور حوصلہ افزائی نے اس نمائش کو کامیاب بنایا۔ اس ایونٹ نے نہ صرف طلبہ کی کامیابیوں کو اجاگر کیا بلکہ ڈیزائن اور ٹیکسٹائل کی دنیا میں یو ایم ٹی کی اہمیت کو بھی بڑھایا۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر کیمپس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یو ایم ٹی سیالکوٹ کیمپس کے ہونہار طلبہ دنیا بھر میں اپنا ہنر منوانے میں کامیاب ہوں گے اور ڈیزائن اور ٹیکسٹائل کی دنیا میں ایک نئی روشنی پھیلائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!