برسلز( نمائندہ خصوصی)پاک-بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حافظ انیب راشد اور جنرل سیکٹری علی رضا سید نے گزشتہ روز مہاراجہ گروپ آف ریسٹورینٹس کے مالک اور روح رواں علی چوہدری سے ملاقات کی۔ اور انہیں ایک بروشر کی صورت میں چیمبر کا تعارف پیش کیا۔
علی چوہدری نے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور چیمبر کے کام کے حوالے سے مختلف سوالات کیے۔حافظ انیب راشد نے اس موقع پر علی چوہدری کو بتایا کہ اس چیمبر کا بنیادی مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے آبائی اور جس ملک میں رہائش پذیر ہیں، ان ملکوں کے درمیان تجارت میں اضافے کی عملی کوششوں کا حصہ بنانا ہے۔ اس کیلئے مختلف پراجیکٹس اپنے لوگوں کے سامنے رکھے جائیں گے۔ جس کے ذریعے ہم اوورسیز پاکستانی اجتماعی طور پر ان میں حصہ لیکر بالواسطہ اور بلاواسطہ اپنے ممالک کی معاشی ترقی میں حصہ دار بن سکیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جب سے پاکستانی اپنے ملک سے نکل کر اوورسیز ہوئے ہیں، ان کے اور ان کے کردار کے بارے میں بہت بات چیت ہوتی ہے۔ لیکن اگر عملی طور پر دیکھا جائے تو اس کردار کو ادا کرنے کی کوئی واضح اجتماعی شکل سامنے نہیں آتی۔ ہمارا زیادہ سے زیادہ کردار پاکستان میں پلاٹ کے خریدار کے طور پر سامنے آتا ہے یا پھر ہم اپنی انفرادی حیثیت میں جو کام کرتے ہیں اس کی صورت میں سامنے آتا ہے۔انفرادی طور پر کام کرنے کا سب سے بڑا نقصان یہی ہے کہ اکثریت کے تجربات نا خوشگواری اور تنازعات کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔اس لیے اس چیمبر کے قیام کی صورت میں ہم اپنے تصورات کے مطابق تنازعات سے بچتے ہوئے دونوں خطوں اور اپنی انفرادی ترقی میں حصہ دار بن سکتے ہیں۔
علی چوہدری کے ایک اور سوال کے جواب میں حافظ انیب راشد نے انہیں آگاہ کیا کہ اس سارے عمل کو ایک فقرے کی صورت میں بیان کرنا ہو تو وہ یہ ہے کہ ہماری یہاں ( یعنی اپنے ملک سے باہر) موجودگی کس طرح ان تجارتی تعلقات میں بہتری کا سبب بن سکتی ہے۔ باقی تمام کوششیں اسی فقرے کی درست تفہیم کا بیان سمجھیں۔
اس موقع پر علی چوہدری نے اپنے کچھ پراجیکٹس کو پاکستان لیجانے کا حوالہ دیا۔ جس پر PABOCCI کے ذمہ داران نے انہیں دعوت دی کہ وہ اپنے کام چیمبر کے ذریعے کریں تاکہ ان میں ترقی و حفاظت دونوں پہلو ممکن بنائے جا سکیں۔
اس موقع پر حافظ اُنیب راشد اور علی رضا سید نے چیمبر کا بروشر علی چوہدری کو پیش کیا اور چیمبر کی سرگرمیوں میں شرکت کی دعوت دی۔جس پر علی چوہدری نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے راہنما شیخ شکیل بھی موجود تھے۔