انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس کی جانب سے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کیلئے دستخطی مہم کا آغاز

0

پیرس(سید شاہ زیب ارشد)انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس کی جانب سے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لئے دستخطی مہم کا آغاز دوبارہ کردیا گیاہے۔

دستخطی مہم کا آغاز پیرس کے علاقے پلاس دی ری پبلک سے کیا گیا، ری پبلک چوک کے مقام پر بینرز اور پلے کارڈز رکھے گئے تھے جن پر کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم کی داستان درج تھی ۔

کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کی چند شخصیات نے دستخطی مہم میں حصہ لیا اور چوک سے گزرنے والے افراد کو بتایا کہ کس طرح بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم کے صدر زاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ ایک ملین دستخط کرانے کی یہ مہم یورپ بھر میں پھیلائی جائے گی، ایک ملین دستخط مکمل ہونے کے بعد اسے یو این او میں پیش کیا جائے گا۔

اس دستخطی مہم کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ، کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم فرانس کے صدر زاہد ہاشمی نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد ہی ایک ملین دستخط مکمل کرلیں گے۔

واضح رہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دستخطی مہم 2016 میں فرانس میں شروع کی گئی تھی،کرونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ دوسال سے یہ مہم روک دی گئی تھی اور اب اس مہم کو دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!