پاک ناروے فورم کے زیراہتمام استحکام پاکستان کانفرنس،مختلف شعبہ ہائے زندگی سےتعلق رکھنے والے افراد کی شرکت
تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان بلا تفریق ریاست پاکستان کے استحکام کیلئے کام کریں، لارڈ واجد علی خان
پاکستان کے دشمن پاکستانیوں کو مختلف گروہوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں،سفیر پاکستان بابر امین
ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے وطن کی سلامتی کیلئے جانیں قربان کیں،چوہدری اقبال لوہسر
اوسلو(عقیل قادر)پاک ناروے فورم کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس منعقد کی گئی جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے اوسلو اور گردونواح سے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
قاری نور علی سیالوی نے کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا اور عبدالمنان نے نعت رسول مقبولؐ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی لارڈ واجد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اسکے اداروں سے محبت کیجئے کیونکہ ریاست پاکستان جس دور سے گذر رہی ہے اسکے لیے ضروری ہے کہ بلا تفریق تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان ریاست پاکستان کے استحکام کے لیے کام کریں۔
چوہدری اقبال لوہسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربا ن کیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو ختم کیے بغیر ملک میں استحکام نہیں آ سکتا۔
سفیر پاکستان بابر امین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کی لازوال قربانیاں ہیں جنہیں کسی صورت بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستانیوں کو مختلف گروہوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان میں اندرونی انتشار کو ہوا دی جا سکے۔
نارویجن پارلیمنٹ کے ممبر مدثر کپور، اوسلو سٹی کونسل کے ممبر ناصر احمد، ڈاکٹر مبشر بنارس، معروف سیاستدان خالد محمود، چوہدری قمر عباس ٹوانہ، سید نعمت علی شاہ بخاری، مفتی طاہرعزیز باروی، وسیم شہزاد، طاہر ندیم، راشد علی اعوان اور دیگر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست پاکستان کے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور دشمن کی کسی چال کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
اختتام پر پاک ناروے فورم کے صدر چوہدری قمر عباس ٹوانہ نے تمام مقررین اور مہمانوں کا کانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔