سفارتخانہ پاکستان جرمنی نے ’’ڈیجیٹل ٹورازم‘‘ متعارف کروا دی

0

’ڈیجیٹل ٹورازم‘ میں پاکستان کی تاریخی و اہم چیزوں کو شامل کرتے جائیں گے،سفیر پاکستان

آئی ٹی سپیشلسٹ ارسلان منہاس اور انکی ٹیم نے حنا ملک کی مشاورت سے یہ کام سرانجام دیا

برلن(مہوش ظفر)جرمنی میں موجود سفارتخانہ پاکستان نےجرمنی میں مقیم مقامی باشندوں اور نئی نسل کو پاکستان کے ثفافتی،سیاحتی اور ادبی ورثےکو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روشناس کرانے کی کاوش کےسلسلے میں ’’ڈیجیٹل ٹورازم‘‘ متعارف کروا دی۔

دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارتخانوں میں سے سفارتخانہ برلن نے ایسی کسی بھی کاوش کا اعزاز اپنے نام کیا اور سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کے وژن کے مطابق جدید خطوط پراس سلسلے کا پہلا مرحلہ طے کیا۔

اس سلسلے کی پہلی کڑی کے طور پر شاعر مشرق علامہ اقبال کی شاعری، گندھارا تہذیب، موہنجوداڑو اور شمالی علاقہ جات کوبالترتیب آگمنٹڈ اور ورچول ریئلٹی کے جدید پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہوئےمتعارف کرایا گیا ہے۔

میونخ میں مقیم پاکستانی نژاد آئی ٹی سپیشلسٹ ارسلان منہاس اور انکی ’’ٹیم ڈیجیٹل میونخ‘‘ نے سفارتخانہ کی پریس قونصلر حنا ملک کی مشاورت سے یہ کام سرانجام دیا۔

سفیر پاکستان نے ارسلان منہاس کی کاوش کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں پاکستان کے مزید علاقوں، تاریخی عمارات اور خوبصورت و نادر ورثے کو شامل کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہاب یہ سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور اس میں ہم مزید پاکستان کے دیگر مشہور شہروں میں موجود تاریخی و اہم چیزوں کو شامل کرتے جائیں گے۔

آئی ٹی ایکسپرٹ ارسلان منہاس جن کے سر اس کاوش کا سہرا جاتا ہے انھوں نے اس سلسلے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ابھی یہ چیز بالکل ابتدائی سطح پر ہے تو آگے چل کر ہم اس میں بلوچستان و دیگر صوبوں کے اہم مقامات ،وہاں موجود سیاحوں کے لئے رہائش گاہیں اور دیگر سہولیات کے بارے میں معلومات وغیرہ بھی اس میں شامل کرسکتے ہیں۔

سفارتخانہ آنے والے تمام افراد اس تجربہ سے محظوظ ہوسکیں گے۔ جلد ہی آگمنٹڈ ریئلٹی ایپلیکیشنز عوام الناس کے عام استعمال کے لیے متعلقہ ایپلیکیشن سٹورز پر بھی دستیاب ہونگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!