پاکستانی خواتین نے دبئی میں جشن عید میلاد النبیؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا

0

محفل کا اہتمام سیاسی و سماجی شخصیت عائشہ منیر ہانس اور میاں منیر ہانس نے کیا

روحانی محفل میں شارجہ اور دبئی سے خواتین نے بھر پور انداز میں شرکت کی

ملک و قوم اور امارات کی ترقی و خوش حالی کےلئے اجتماعی دعا کی گئی

دبئی (طاہر منیر طاہر) ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی خواتین نے دبئی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جس کا اہتمام سیاسی و سماجی شخصیت عائشہ منیر ہانس اور میاں منیر ہانس نے اپنی رہائشگاہ دبئی میں کیا۔

جشن عید میلاد النبی ﷺ کی اس با برکت تقریب میں ثروت عبدالرزاق ARY،نور الصباح،فرزانہ چغتائی،راحیلہ رضا،فرزانہ منصور،نجمہ جیلانی،سبین شفیق،رابعہ عامر ،شیزا ظفر،ثروت زہرہ،ثمینہ میر،نجمہ احسان،طاہرہ مغل،مسزنورین، عمامہ فخر،عبدالرحمان رضا،فخر صدیقی،ظفر محمود اور دیگر خواتین و حضرات نے شارجہ اور دبئی سے شرکت کی۔

پاکستان کے معروف سنگرعدیل برکی اور عاصمہ فاطمہ نے نعتیہ کلام سنایا اورعید میلاد النبی ﷺ کی روحانی محفل کا سماں باندھ دیا، محفل میلاد کی نظامت محمد اکرم شہزاد نے کی اورعید میلاد النبی ﷺ کی اہمیت و فضیلت کے بارے سیر حاصل تقریر کی۔

مزید مقررین نے اسوہ حسنہ اور سیرت النبیؐ پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی ولادت، آپ ﷺ کا بچپن، آپ ﷺ کا شباب، آپ ﷺ کی بعثت، آپ ﷺ کی دعوت، آپ ﷺ کا جہاد،آپ ﷺ کی عبادت ونماز، آپ ﷺ کے اخلاق، آپ ﷺ کی صورت وسیرت، آپ ﷺ کا زہدو تقوی، آپ ﷺ کی صلح وجنگ، خفگی و غصہ، رحمت و شفقت، تبسم و مسکراہٹ، آپ ﷺ کا اٹھنا بیٹھنا، چلنا پھرنا، سونا جاگنا، الغرض آپ ﷺ کی ایک ایک ادا اور ایک ایک حرکت و سکون امت کے لیے اسوۂ حسنہ اور اکسیر ہدایت ہے۔

محتاجوں،غریبوں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد، معاونت، حاجت روائی اور دلجوئی کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔ انسانیت کی مدد اورالله کی مخلوق کے کام آنا نبی کریم ﷺ کے اخلاق کی روشن تعلیمات میں سے ہے۔

ہمیں چاہیے کہ ہم آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ اور سیرت کو اپناتے ہوئے دنیا و آخرت میں کامیابیاں حاصل کریں۔محفل میلاد کی تقریب میں ملک و قوم اور امارات کی ترقی و خوش حالی کےلئے اجتماعی دعا کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!