مسجد المدینہ ویانا میں علامہ غلام مصطفی بلوچ کی زیر سرپرستی سالانہ جشن عید میلادالنبیؐ کی تقریب کا انعقاد

0

تقریب میں سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے بطورمہمان خصوصی،انگلینڈ سے علامہ محمد ارشد جمیل نے سپیشل مہمان کے طور پر شرکت کی

ویانا(اکرم باجوہ)مسجد المدینہ ویانا میں سالانہ جشن عید میلادالنبیؐ کی تقریب کا انعقاد علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ کی زیر سرپرستی کیا گیا جس میں سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر مہمان خصوصی اور سپیشل مہمان کے طور پر انگلینڈ سے علامہ محمد ارشد جمیل نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں مسجد المدینہ 21 ڈسٹرکٹ ویانا میں سالانہ جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ذکر نعت محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں آسٹریا بھر کے چھوٹے بڑے شہروں سے نوجوانوں، بچوں اور بزرگوں نے اپنے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے شرکت کی ۔

ذکر نعت محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور نعت کی صورت میں ہدیہ عقیدت کے پھول حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حافظ محمد دلاور،شہریار خان اور حاجی محمود حسین نے پیش کیے۔

مسجد المدینہ کے سرپرست اعلیٰ علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نے نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر،کمیونٹی افیئرز قونصلر ہمایوں شبیر جوئیہ،سابق سفارت کار حیات مہدی ،علامہ جمیل عابد اور حاضرین شرکاء کو تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک باد پیش کی اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بیان فرمایا۔

سپیشل مہمان علامہ محمد ارشد جمیل نے اپنے خطاب سے قبل مسجد المدینہ کی انتظامیہ کو شاندار تقریب کا انعقاد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ پاک نے پوری دنیا بنائی ،کروڑوں عربوں اور بے حساب ہمیں نعمتوں سے نواز ااور ہم پر احسان نہیں جتلایا مگر جب اپنا پیارا محبوب ہمیں عطا کیا تو ہمیں جتلایا کہ میں نے اپنا محبوب آپ لوگوں کو عطا کیا ہم اللہ پاک کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اپنا پیارا محبوب عطا کیا ۔

علامہ محمد ارشد جمیل نے بڑی تفصیل سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم پر بیان فرمایا۔مہمان خصوصی سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ہمارا کردار اور عمل ہی ہمیں آگے لیکر جائے گا اور دیار غیر میں رہتے ہوئے بھائی بھائی کی خبر رکھنا ہمارا فرض ہے اور ہم یہاں ایک خاندان ہیں اتفاق سے رہیں اور اپنے ملک پاکستان کی سربلندی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب کے آخر میں شہر یار خان نے حاضرین شرکاء کے ساتھ مل کر درودو سلام پیش کیا اور علامہ محمد ارشد جمیل نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی خوشحالی اور سیلاب زدگان اور حاضرین شرکاء کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!