گیارہویں شریف سویڈن کے زیرِ اہتمام میلاد النبی ؐکی پرنور تقریب، موئے مبارک اور غلافِ کعبہ کی زیارت

0

مالمو (زبیر حسین) سویڈن کے شہر مالمو میں گیارہویں شریف سویڈن کی جانب سے مسجد الہدٰی میں میلادالنبیﷺ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ، پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے عبد الحمید نے کیا، محمد آصف اور شاہد سرور نے گلہائے عقیدت پیش کیں۔

ڈنمارک سے تشریف لائے پروفیسر محمد حافظ سعید احمد چشتی اور صوفی عبدالشاکر نے خصوصی خطاب کیا، تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی و سماجی شخصیات زبیر حسین، عامر جنجوعہ، محمد سرور، محمد جواد، منیر احمد ڈاکٹر فرحان سمیت خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں خصوصی طور پر موئے مبارک اور غلافِ کعبہ کی زیارت کا اہتمام کیا گیاتھا،علمائے کرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے امتی ہیں اور ہمارے لئے اس سے بڑی خوشی کیا ہوسکتی ہے کہ دیارغیر میں بھی ہمیں اللہ نے نبی ﷺ کا میلاد منانے کی توفیق عطا فرمائی۔

تقریب میں بچوں کو دین کی طرف راغب کرنے کے لئے تلاوتِ قرآن پاک کا موقع بھی دیا گیا۔ میڈیا نمائندگا ن سے بات کرتے ہوئے گیارہویں شریف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مالمو شہر کے مسلمانوں کے لئے یہ ایک بہت ہی پرنور محفل ثابت ہوئی کیونکہ دیارِ غیر میں موئے مبارک اور غلافِ کعبہ کی زیارت کا موقع میسر آنا کسی نعمت سے کم نہیں۔

گیارہویں شریف کے منتظم راجہ زعفران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوں تو ہم ہر سال میلاد النبی ﷺ کا انعقاد کرتے ہیں مگر ہمارے پلیٹ فارم سے اس بار ناصرف موئے مبارک اور غلافِ کعبہ کی زیارت کی گئی بلکہ بچوں کو دین سے محبت اور رغبت کے لئے تلاوتِ قرآنِ پاک کا موقع میسر آیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!