ویانا(رپورٹ:محمد عامر صدیق)آسٹریا سفارت خانہ پاکستان ویانا میں (پیغام پاکستان) کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
صدارتی ایوارڈ یافتہ اور عالمی شہرت یافتہ قاری و نعت خوان قاری سید صداقت علی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب میں آسٹریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قاری سید صداقت علی نے قرآن پاک کی آیات کی تلاوت کی اور نعت رسولؐ بھی پیش کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ امن، ہمدردی اور انسانیت کا لازمی اتحاد قرآن پاک کے مرکزی پیغامات ہیں۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے طرز عمل اور معاملات کے ذریعے اسلام کے حقیقی پیغام کو امن کے مذہب کے طور پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
اسلام کے مرکزی پیغام یعنی رواداری، صبر اور ہمدردی پر غور کرتے ہوئے سفیر کھوکھر نے کمیونٹی کے افراد کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔