شارجہ انٹرنیشنل بُک فیئر میں بزم اردو دبئی کا سالانہ جلسہ

0

تقریب میں مشہور کرکٹ کھلاڑی شعیب اختر کو مدعو کیا گیاتھا

اس موقع پرجوش اردو ایوارڈ معروف شاعر ظفر اقبال،علمدار اردو ایوارڈ ظہور الاسلام جاویدؔ اور پاسبانِ اردو ایوارڈ دِنیش کوٹھاری کو پیش کیا گیا

پروگرام میں معروف داستان گو سید ساحل آغا نے داستان شعیب اختر پیش کی

دبئی (طاہر منیر طاہر)2 نومبر سے13 نومبر تک اکسپو سینٹر شارجہ میں منعقد ہونے والے اکتالیسویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے آخری روز 13 نومبر کی شام بزم اردو دبئی نے اپنے سالانہ جلسہ کی تقریب،’محفل اردو 2022 ‘ کا اہتمام کیا۔

یہ محفل دو حصوں پر مشتمل تھی ۔ پہلے حصے میں مرحوم مظہر امید کے افسانوں کے مجموعہ، ’’سات رنگ سات سُرِ‘‘ کا اجرا عمل میں آیا۔ مظہر امید کے فن اور شخصیت پر بات کرنے کے لئے انکے صاحبزادے رفیع ہمایوں اور اردو ادب کی معروف شخصیت ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی موجود رہے۔

بالی وُڈ کے معروف اداکار رضا مراد نے کتاب کا کچھ حصہ پڑھ کر سنا یا۔ اس کتاب کی ترتیب و تدوین بزم اردو دبئی کے زیرِ اہتمام عمل میں آئی ہے۔ بزم اردو نے کتابوں کی اشاعت کا یہ ایک نیا سلسلہ ’’گوشہ ءِ کُتب‘‘ کے عنوان سے شروع کیا ہے۔

مظہر امید ایک افسانہ نگار، شاعر، کالم نگار اور مترجم اور تعلیم کی ترویج و ترقی کے لئے کارفرما سماجی کارکن کی حیثیت سےمعروف ہیں۔ محفل کے اس حصہ کی نظامت شاداب الفتؔ نے سر انجام دی۔

محفل کے دوسرے حصے میں بزم اردو کے سالانہ مجلے کا اجرا ہوا، اسکے بعد بزم اردو کے سالانہ ایوارڈز پیش کئے گئے۔ جوش اردو ایوارڈ معروف شاعر ظفر اقبال ، علمدار اردو ایوارڈ ظہور الاسلام جاویدؔ اور پاسبانِ اردو ایوارڈ دِنیش کوٹھاری کو پیش کیا گیا۔

اس حصے میں مشہور کرکٹ کھلاڑی شعیب اختر کو مدعو کیا گیاتھا۔ پروگرام میں معروف داستان گو سید ساحل آغا نے داستان شعیب اختر پیش کی۔ شعیب اخترسامعین سے روبہ رو ہوئے۔ بزم اردو کی رکن ترنم احمد اس روبہ رو میں ان کے ساتھ تھیں اور ان سے دلچسپ سوالات کئے، محفل کے اس حصہ کی نظامت فرزانہ منصور نے کی۔

اس تقریب کے اہتمام میں بزم اردو دبئی کے جو اراکین نے پیش پیش رہے ان میں، صدر شکیل احمد خاں، جنرل سکریٹری ریحان احمدخاں، تابش زیدی، احیاء بھوجپوری، ثروت زہرا زیدی ، کنور محمد سلیم ، محمد شیراز ، رملہ سید، فرزانہ منصور، سیدسروش، عارف صدیقی، سرور نیپالی اورشاداب الفت شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!