سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کی جانب سے 21ویں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

0

کویت(محمد عرفان شفیق)کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی خدمت خلق کے جذبے اور کویت میں مقیم پاکستانی بھائیوں کی مدد کیلئےایک خاص مقام رکھتی ہے۔ صحتِ عامہ، روزگار، تعلیم، کھیل غرض یہ کہ کوئی بھی صنف ایسی نہیں جہاں پاکستانی کسی سے کم ہوں۔

اسی خدمت کے جذبے کے تحت کویت میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر حضرات کی تنظیم سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت پاکستانی کمیونٹی کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اکیسویں 21 فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں دیگر کیمپوں کی نسبت عوام کی ایک کثیر تعداد نے اس میں شرکت کی۔

یہ کیمپ منقف کے علاقے میں واقع پاکستان اسکول منقف کی عمارت میں 18 نومبر، 2022 بروز جمعۃ المبارک قائم کیا گیا، جس میں کویت کے طول و عرض سے کثیر تعداد میں پاکستانی مرد و خواتین شرکت کی۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اس کیمپ میں 1000 سے زائد افراد نے شرکت کی اور اپنی بیماری کے متعلق ہم زبان ڈاکٹروں سے راہنمائی حاصل کی۔ کیمپ کا دورانیہ بعد از نماز جمعہ 12بجے سے شام 6 بجے تک تھا۔

کیمپ کا باضابطہ افتتاح سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے کیا، اس موقع پر سکول پرنسپل سمیت کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال، ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید، سفارتخانہ پاکستان کے افسران، احمدی گورنریٹ کے میڈیکل ہیڈ ڈاکٹر احمد الشطی اور اسکول کے اساتذہ اور کمیونٹی کے دیگر ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر سفیر پاکستان نے اظہار خیال کرتے ہوئے سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مفت علاج کے سہولت فراہم کرنا سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کا نہایت احسن قدم ہے اور ہر مرتبہ لوگوں کا رجحان مثبت ہوتا ہے، جو کہ سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اسکول کی پرنسپل اور انتظامیہ اور پاکستان بزنس کونسل کویت کی کیمپ کے انعقاد میں ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے تمام شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا۔

سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فری میڈیکل کیمپ میں مختلف شعبہٗ جات کے پاکستانی تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور سٹاف ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، جن میں نئے آنے والے پیرامیڈیکل اسٹاف بھی موجود ہے اور اس کیمپ میں 1000سے زائد مریض استفادہ کر چکے ہیں، جن میں پاکستانی، بھارتی، بنگلادیشی اور مصری شہری نمایاں تھے۔

کیمپ منعقد کرنے کا بڑا مقصدان لوگوں کو صحت عامہ کی سہولت بہم پہنچانا ہوتا ہے جو زبان کی دشواری کے باعث اپنا مسئلہ ڈاکٹر کو سمجھا نہیں سکتے۔ کویت کے ہسپتالوں اور پولی کلینک میں زیادہ تر عربی ڈاکٹر موجود ہوتے ہیں، جہاں بہر حال زبان سے ناآشناسی ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے، لہٰذا ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہمارے تمام پاکستانی بھائی ایک چھت تلے اپنا مکمل چیک اپ کرواسکیں اور تمام میسر سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ کیمپ میں بلڈپریشر، بلڈ شوگر اور ای سی جی کے فری ٹیسٹ کے علاوہ تمام ادویات مفت فراہم کی گئیں۔

اس کیمپ میں 46 سے زائد ڈاکٹر حضرات، 25 سے زائد سٹاف نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف موجود تھا جنہوں نے 965 سے زائد بلڈ شوگر، 436 ای سی جی، 74 الٹرا ساونڈ کیے جبکہ میڈیکل کیمپ میں تمام ادویات مفت فراہم کی گئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!