ریاض (نیوز ڈیسک) دنیا میں بہت سے لوگ عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی اور اس کا نام روشن کرنے کا خواب دیکھتے ہیں مگر اس خواب کی تکمیل چند ہی لوگ کر پاتے ہیں۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی عائلہ مجید کا شمار بھی انہی چند لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف اپنے شعبے میں مہارت حاصل کی بلکہ دنیا کے معتبر ترین اداروں میں شمار ہونے والی پروفیشنل اکاؤنٹنسی باڈی ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) کی نائب صدر منتخب ہو کر اپنے ملک کا نام بھی روشن کیا۔
عائلہ مجید توانائی کے مستقبل، موسمیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات اور پائیدار انفراسٹرکچر پر کام کرتی ہیں اور ورلڈ اکنامک فورم کی گلوبل فیوچر کونسل آف انرجی ٹرانزیشن کی عالمی رہنما کے طور پر بھی جانی جاتی ہیں۔
عالمی سطح پر اے سی سی اے کی اہمیت کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’ اے سی سی اے اس لیے بھی بہت اہم ہیں کیونکہ اس کا نصاب وقت کے تقاضوں کے مطابق ساتھ ساتھ تبدیل ہوتا رہتا ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کی بہت پہچان (recognition) ہے۔
اس کے علاوہ اگر آپ بینکنگ سے لے کر ہوٹلنگ اور سیاست کے شعبے تک دیکھیں تو ہر شعبے میں اے سی سی اے کرنے والے اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں سو یہ بہت زیادہ اہمیت رکھنے والی ایک اعلیٰ تعلیم ہے۔‘ عائلہ مجید نے مزید کا کہنا تھا ’’میں اپنا یہ اعزاز پاکستان، جنوبی ایشیا اور تمام مسلمانوں کے نام کرتی ہوں کیونکہ میں مسلم دنیا سے پہلی نائب صدر ہوں‘‘۔