پیرس(زاہد مصطفیٰ اعوان)پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ فرانس کے صدر چوہدری طاہر گجر کی جانب سے پاکستان سے پیرس کے نجی دورے پر آئے ہوئے گجرات سےسابق ایم پی اے مسلم لیگ ن کے چوہدری شبیر کوٹلہ کے اعزاز میں ایک بڑی دعوت کا اہتمام کیا گیا۔
جس میں پیرس سے تعلق رکھنے والے ہر مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی ،یاد ر ہے کہ چوہدری شبیر کوٹلہ موجودہ مسلم لیگ ن کے ایم این اے عابد رضا کوٹلہ کے بھائی بھی ہیں۔ اس تقریب کی خوبی یہ تھی کہ اس میں ہر سیاسی ،سماجی اور مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد چوھدری ساجد ویرووال نے شبیر کوٹلہ کی آمد پر انھیں خوش آمدید کہا اور شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر کمیونٹی سے ملاقات کے لئے تشریف لائے، دیگر مقررین میں چوھدری شہباز کھٹانہ، پاپا ریاض،سردار ظہور اقبال، قاری فاروق احمد فاروقی اور دیگر نے بھی شبیر کوٹلہ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
شبیر کوٹلہ نے چو ہدری طاہر گجر،ساجد چوہدری، چوھدری ندیم ڈھیرو گھنہ، اور دیگر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مختصر نوٹس پر اتنی کثیر تعداد میں ان سے ملاقات کے لئے تشریف لائے- ان کا کہنا تھا کہ وہ تہہ دل سے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ھیں کہ انہوں نے انھیں عزت سے نوازا ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ھماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں مگر افسوس ان کے لئے ابھی تک موجودہ حکومت کوئی بہتر سہولیات فرا ہم نہیں کرسکی۔
انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ھوئے کہا کہ اچھے بھلے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو اس حکومت نے ریورس گیئر لگا دیا ہے۔مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے اور غریب آدمی کا جینا دوبھر ھوچکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا تھا مگر اس حکومت نے سب کچھ ملیا میٹ کرکے رکھ دیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ لینے والی یہ حکومت ایک بھی میگا پراجیکٹ نھیں لگا سکی۔
عمران خان نواز شریف کے منصوبوں کا ہی دوبارہ افتتاح کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام موجودہ حکومت کی کارکردگی سے بری طرح مایوس ہوچکے ہیں اور جنہوں نے تبدیلی کے لئے ووٹ دیا تھا وہ بھی شرمندہ شرمندہ پھر ر ہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا اگلے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر دوبارہ ملک کی خدمت کرے گی کیونکہ نواز شریف ہی اب اس ملک کی امید ہیں۔ آخر میں انہوں نے دوبارہ اپنے میزبانوں کا ایک شاندار دعوت پر شکریہ ادا کیا۔