سویڈن (تارکین وطن نیوز) کشمیرکمیٹی سویڈن کا کہنا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیرکی آزادی تک مجاہد مرد کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر کمیٹی سویڈن نے دارلحکومت سٹاک ہوم کے علاقہ فتیا میں حریت رہنما سید علی گیلانی کی شہادت پران کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اجلاس منعقد کیا جس میں صدر کشمیر کمیٹی سویڈن عامر ندیم، نائب صدر زکیہ مرزا، جنرل سیکرٹری عامر جبار،چوہدری رحمت علی، ماہرقانون دان شفقت کھٹانہ، رؤف خان، کاشف کھٹا نہ، ایمانوئل راتیق، ڈاکٹرافضل فاروقی، موسا شاہ کاظمی، صغیرخان، لیاقت علی خان، غلام محمد بھلی، مقصود منہاس، اشرف شاہ، محمد اسلم، آصف بشیر بٹ، خواجہ ابو بکر بٹ، ارشد ملتانی، ایوب ملک اور محمد خوشحال سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں شرکاء نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے کی جانے والی جدوجہد کو سراہا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ شرکاء نے سید علی گیلانی کی مغفرت اور بلند درجات کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی۔کشمیرکمیٹی سویڈن کے عہدے داروں اور دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کی شہادت سے بھارت اگر یہ سمجھتا ہے کہ کشمیرکی آزادی کی تحریک مدہم پڑ گئی ہے تو یہ انڈیا کی بھول ہے، آج ہر کشمیری اور پاکستانی کی زبان پر سید علی گیلانی کا نعرہ کشمیر بنے گا پاکستان گونج رہا ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ بھارت کی کشمیرمیں بربریت کو ختم کر کے دم لیں گے، کشمیر کی آزادی روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ کشمیرکمیٹی سویڈن نے کہا کہ مغربی ممالک میں ایک کتا بھی مر جائے تو یہاں کے لوگ اٹھ کھڑے ہوتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیرمیں بھارت جس طرح کشمیریوں کی ہر روز نسل کشی کر رہا ہے پھر بھی مغربی ممالک کے لوگ اور عالمی طاقتیں خاموش ہیں جس پر سوائے افسوس اور تشویش کی کی جا سکتی ہے۔
کشمیرکمیٹی سویڈن کے عہدے داروں نے کہا کہ وہ سید علی گیلانی کے مشن کشمیرکی آزادی کی تحریک کو مزید وسعت دینے کے لئے یورپ کے دیگر ممالک میں تنظیم سازی کریں گے۔ تقریب میں سویڈن میں مقیم پاکستانی رہنما لیاقت علی خان کو کشمیر کمیٹی سویڈن کے عہدے داروں نے مشترکہ طور پر ایڈوائزری بورڈ کا چیرمین مقرر کیا، جبکہ تقریب میں موجود کئی افراد نے کہا کہ وہ کشمیر کمیٹی سویڈن کے کام کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی خدمات رضا کارانہ طور پر پیش کرتے ہیں۔