سٹاک ہوم(نمائندہ خصوصی)پاکستانی نوجوان ذہانت اور صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور پاکستانی نوجوانوں نے دیار غیر میں رہتے ہوئے بھی ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہےانتھک محنت اور لگن سے کوئی چیز ناممکن نہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی نوجوانوں نے سویڈن کے ہر شعبہ میں نمایاں کارنامے انجام دئیےہیں۔
ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ ڈاکٹر ظہور احمد نے سویڈن میں مقیم ممتاز پاکستانی شخصیات جن میں اکاؤنٹنٹ شہریار ملک،بزنس مین میاں زین،بزنس مین محمد نوید سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران کیا ۔
سفارتخانہ پاکستان سٹاک ہوم میں ہونے والی اس ملاقات میں ہیڈ آف چانسری سفارت خانہ پاکستان رزاق تھیبو اور سینئر صحا فی کاشف عزیز بھٹہ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سفیر پاکستان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے ثابت کیا ہے کہ محنت اور سچی لگن سے دنیا کی ہر چیز پر فتح پائی جا سکتی ہے یہ قوم دنیا کی بہتر ہی نہیں،بلکہ بہترین قوم ہے، جو تمام رکاوٹوں کے باوجود وہ کچھ کر سکتی ہے جسے دیکھ کر پوری دنیا کی عقل دنگ رہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ سویڈن میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی باعث فخرہے جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے سویڈن کی سوسائٹی میں اچھا نام پیدا کیا جس سے پاکستان کا نام روشن ہوا ہے ۔
اکاؤنٹنٹ شہریار ملک میاں زین اور محمد نوید نے بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد اور تمام سفارتی عملہ کی پاکستان کمیونٹی کیلئے خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور سفیر پاکستان کو پی ایچ ڈی مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔