خاتون نے حمل کا ڈھونگ رچا کر طیارہ اسپین میں اتروادیا،27مسافر فرار

0

بارسلونا(تارکین وطن نیوز)اسپین میں ایک عجیب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے اداکاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچے کو جنم دینے والی ہیں، اس کے بعد ہنگامی طور پر طیارہ ایئرپورٹ پر اتارا گیا تو اس دوران ایک دو نہیں بلکہ 27افراد بھی کسی طرح ایئرپورٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ واقعہ اسپین کے علاقے کیٹالونیا میں پیش آیا جس کے بعد پولیس نے 13 مسافروں کو غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کے بعد گرفتار کرلیا ہے اور 14افراد اب تک گرفت سے باہر ہے جن کی تلاش جاری ہے۔

ترکی سے تعلق رکھنے والی مشہور پیگاسس ایئرلائن مراکش کے شہر کیسا بلانکا سے استنبول جارہی تھی جس میں کل 228 مسافر موجود تھے۔ اس دوران ایک خاتون نے کہا کہ وہ حمل سے ہیں اور شاید بچے کی ولادت ہونے والی ہے۔ اس کے بعد ہنگامی حالت میں طیارے کو بارسلونا کے ایل پراٹ ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔

جیسے ہی خاتون کو باہر لے جایا گیا کل 27مسافر بھی اس دوران تیزی سے باہر نکلے اور ایئرپورٹ کی حدود سے باہر نکلنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ان میں سے 13افراد کو روک لیا جبکہ 14افراد پولیس کو جُل دے کر فرار ہوگئے اور اب تک گرفتار نہ ہوسکے۔

دوسری جانب جب خاتون کو میٹرنٹی ہوم لے جایا گیا تو وہاں ڈاکٹروں نے کہا کہ اگرچہ وہ حاملہ ضرور ہیں لیکن زچگی میں ابھی کچھ وقت ہے۔ ڈاکٹروں کے اس بیان پر اب خاتون کو عوامی خلل اور فلائٹ روکنے کے الزام میں مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا۔

پولیس نے جن 13افراد کو پکڑا تھا ان میں سے 8افراد نے دوبارہ طیارے میں بیٹھنے اور اپنی منزل یعنی استنبول جانے پر رضامندی ظاہر کی جب کہ بقیہ افراد نے اس سے انکار کیا اور بعض نے پناہ کی درخواست کی لیکن ان سب کو دوسری فلائٹ سے دوبارہ ان کے ملک بھیجا جائے گا۔

یہ خبر سامنے ضرور آئی ہے تاہم حکومتِ اسپین نے ان افراد کے ممالک کی کوئی تفصیلات نہیں دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!