نیورمبرگ (تارکین وطن نیوز)کامیڈی کنگ و معروف اداکار عمرشریف کی نمازجنازہ جرمنی میں اداکی جائےگی۔
عمرشریف کی نمازجنازہ نیورمبرگ میں پیر کو ایک بجے ادا کی جائے گی اور میت کو کل صبح غسل دیاجائےگا۔عمرشریف کی نمازجنازہ نیورمبرگ کی مقامی ترکش مسجد میں بعد نمازظہر ادا ہو گی۔ ممکنہ طور پر میت منگل کے روز پاکستان لائی جائے گی۔
عمرشریف کی میت کومیونخ سےکراچی قطر ایئرویزسےمنتقل کیاجائےگا۔ مرحوم کی اہلیہ زرین غزل میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں گی۔
دوسری جانب عمرشریف کی عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں تدفین کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ مزار کے داخلی راستے سے ملحق قبرستان میں قبر تیار کی جائے گی۔
محکمہ اوقاف مزار انتظامیہ نے تدفین کے انتظامات شروع کر دیئے ہیں۔ عمرشریف کی قبر کےکچھ فاصلے پر قائداعظم کی ہمشیرہ محترمہ شیریں جناح کی قبر ہے۔ عمر شریف کو بزرگان دین سے بےپناہ عقیدت تھی۔
اطلاع کے مطابق عمر شریف کی میت کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے، عمرشریف کے بیٹے اور اہلیہ کراچی سے براہ راست امریکا روانہ ہوئے تھے، جو آج رات کو جرمنی پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق اتوارکی تعطیل کے باعث ضروری کارروائی پیر کے روز مکمل کی جائےگی، میت لانےکیلئے کمرشل پروازیا ایئر ایمبولینس کا استعمال کیاجاسکتا ہے۔
اس ضمن میں سول ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ایئرایمبولینس سے متعلق تحریری درخواست موصول نہیں ہوئی، درخواست موصول ہوئی تو طیارے یا ایئرایمبولینس کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت دی جائے گی۔