انسانی حقوق کے علمبردار ملکوں میں کشمیر کی آواز بننا تمام پاکستانیوں کی اخلاقی ذمہ داری ہے،سفیرِ پاکستان ڈاکٹرظہوراحمد
سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن و فِن لینڈ کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آن لائن تقریب کا انعقاد
تقریب میں سویڈن و فن لینڈ سمیت برطانیہ کی سیاسی،سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کےنمائندگان کی شرکت
اسٹاک ہوم(زبیر حسین)سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن و فِن لینڈ کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آن لائن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سویڈن و فن لینڈ سمیت برطانیہ کی سیاسی ، سماجی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کےنمائندگان نے شرکت کی ، سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے علمبردار ملکوں میں کشمیر کی آوا ز بننا تمام تر پاکستانیوں کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح سویڈن میں بھی کشمیریوں سے یکجہتی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے ، سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن وفِن لینڈ کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ سویڈن و فِن لینڈ میں مقیم تمام تر پاکستانی کمیونٹی سفارتخانے کی اہم تقریبات کا حصہ بنیں۔
اس بار بھی سفارتخانے کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر کےحوالے سے آن لائن تقریب کا انعقاد ہوا جس میں کشمیر کونسل سویڈن، پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ، سویڈن کی سیاسی جماعتوں ، حکمران جماعت ماڈریت، سوشل ڈیموکریٹس اور گرین پارٹی کے نمائندگان سمیت برطانیہ سے ممبر پارلیمنٹ افضل خان اور لارڈ واجد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ہیڈ آف چانسری عبد الرزاق تھیبو نے صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر کیا،برطانیہ کے ممبر پارلیمنٹ افضل خان نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے انتہائی اہم وقت ہے کیونکہ روس اور یوکرائن جنگ نے یہ بات واضح کردی ہے کہ انسانی حقوق پامال نہیں ہونے چاہئے ہیں۔
لارڈ واجد نے اپنے ریکارڈڈ پیغام میں کہا کہ اب ہمیں کشمیر کی آزادی کے لئے ایسی جدوجہد کی ضرورت ہے جو آج سے پہلے کبھی نہیں ہوئی۔
سفیرِپاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کا کہنا تھا کہ سویڈن جیسے انسانی حقوق کے علمبردار ملکوں میں کشمیر کی آواز بننے کے لئے تمام تر پاکستانیوں کو کردار اداکرنا ہوگا۔دیگر سیاسی وسماجی تنظیموں کے نمائندگان نے اپنے اداروں کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔