برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ کی وزیراعظم آزاد کشمیر اور گورنر پنجاب سے ملاقاتیں،مسئلہ کشمیر کی صورتحال پرتبادلہ خیال
اسلام آباد/لاہور( تارکین وطن نیوز) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عالمی برادری ،امریکی صدر اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بھارت پر دبا ئو ڈالیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کو رہا کرے،وزیراعظم پاکستان عمران خان مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے زبردست اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اوورسیز کشمیری بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیری بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں ،اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔
دریں اثنا گورنر پنجاب چودھری سرور سے بھی برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ملاقات کی ، ملاقات میں ناز شاہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر و فلسطین کا حل لازم ہو چکا ہے ۔
ناز شاہ نے گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر ، مسئلہ فلسطین سمیت اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل سمیت دیگر امور پر گفتگو کی اور کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کیلئے ہر فورم پر آزادی کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں ۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کا سہولت کا ر اور امن کا دشمن ہے ۔