سوشل میڈیا گروپ واؤ اور گلیمر اینڈ اسٹائل کی طرف سے مرحبا رمضان اور عالمی یومِ خواتین کی تقریبات

0

واؤ WOW تنظیم کا بنیادی مقصد خواتین کو ان کی مہارت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے

رمضان کی آمد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے خواتین گھر کے بنے ہوئے کھانوں کو پروموٹ کرتی نظر آئیں

واؤ کی بانی ممبر ثروت زہرہ نے بچوں اور سلاد مقابلہ کے جیتنے والوں میں انعامات اور اسناد پیش کیں

دبئی (طاہر منیر طاہر) دبئی کے سوشل میڈیا گروپ واؤ اور گلیمر اینڈ اسٹائل نے مشترکہ کاوشوں سے مرحبا رمضان اور عالمی یومِ خواتین کی تقریبات کے تناظر میں ایکسپو سینٹر شارجہ میں ایک میلہ واؤ فییسٹا 2023 کا اہتمام کیا۔ جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔

گلیمر اینڈ اسٹائل کی ناجیہ فرقان اور WOW وائو کی ثروت زہرہ، زبیدہ خانم اور سعدیہ طارق اس میلہ کے انتظام میں پیش پیش تھیں۔ واؤ WOW تنظیم کا بنیادی مقصد خواتین کو ان کی مہارت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیاجانا ہے جہاں یہ خواتین اپنی صلاحیتوں کو مثبت طریقے سے بروئے کار لا کر معاشرہ کی تہذیب و ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں اور اپنے کاروبار کو شروع کر سکیں یا اپنے کاروبار کو مزید ترقی دے سکیں، مرحبا رمضان کا واؤ فییسٹا اس کی جیتی جاگتی مثال تھا۔

ایکسپو سینٹر شارجہ کا انٹیلکچوئل ہال مہمانوں کی آمد سے قبل ہی سجنا شروع ہوگیا تھا اور یہ رونق رات تک جاری رہی، میلہ میں خواتین نے مختلف اسٹالز سجا رکھے تھے جن میں کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز نے میلہ میں آنے والوں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کئے رکھی۔ رمضان کی آمد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بہت سی خواتین گھر کے بنے ہوئے کھانوں کو پروموٹ کرتی نظر آئیں اس کے علاوہ خواتین کی دلچسپی اور شوق کی اشیاء کے کئی اسٹالز تھے جن میں کپڑوں، جیولری، میک اپ اور جوتوں کے اسٹالز نمایاں تھے۔

ایک طرف ہاتھوں پہ مہندی کے رنگ بکھر رہے تھے تو وہیں ایک خاتون ہولی کے رنگوں کی فروخت کرتی نظر آئیں۔ گھریلو صنعت کا فروغ بھی حسن و آرایش کی مصنوعات سے بہت خوبصورت طریقہ سے کیا گیا تھا۔ واؤ WOW گروپ نے اس میلہ کی رونقوں کو دوبالا کرنے کے لئے کئی پروگرام ترتیب دئے ہوئے تھے جن میں یونائیٹڈ فوڈزجھٹ پٹ سلاد مقابلہ اورزم زم فارمیسی کڈز ٹیلنٹ شو بہت زیادہ پسند کئے گئے۔

کڈز ٹیلنٹ شو اس شام کا سب سے کامیاب سیگمنٹ رہا، بچوں کے جوش و خروش نے میلہ کی رونقوں کو چار چاند لگا دئے تھے۔ کڈز ٹیلنٹ شو کی کامیابی کا سہرا بلا شبہ واؤ WOW کی زبیدہ خانم کے سر جاتا ہے جن کی محنت اور توجہ سے بچوں نے اسٹیج پر اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا۔ ان مقابلوں کے علاوہ عالمی یومِ خواتین 2023 کی اس سال کی تھیِم ڈیجیٹال یعنی ٹیکنالوجی کی تعلیم بلا امتیازِ صنف سب کے لئے عام کرنے کی ضرورت پہ منحصر ہے اور اسی تھیِم کو پیشِ نظر رکھ کر واؤ WOW کی ممبر سعدیہ طارق نے ایک ٹیکنالوجی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا تھا۔

اپنی تقریر میں انہوں نے شرکائے میلہ کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے موضوع پر بہت سی مفید معلومات بہم پہنچائیں۔ میلہ کی ایک اور رونق باس پری لکی ڈرا بھی تھا، جہاں میک اپ مصنوعات بنانے والی کمپنی باس پری نے ۱۵ انعامات کا اہتمام کیا تھا۔ یونائیٹڈ فوڈز کمپنی کے تعاون سے پیش کئے جانے والے جھٹ پٹ سلاد مقابلہ میں شامل ججوں، ساجدہ راشد، طاہرہ غفوری اور ارشد صدیقی نے مقابلہ کے شرکاء کو اول دوم اور سوم انعامات سے نوازا۔

بعد ازاں واؤ کی بانی ممبر ثروت زہرہ نے بچوں اور سلاد مقابلہ کے جیتنے والوں میں انعامات اور اسناد پیش کیں،اس میلہ کو کامیاب بنانے میں جن کرم فرماؤں کا تعاون رہا ان میں یونائیٹڈ فوڈز کمپنی دبئی، الجرف گروپ عجمان، زم زم فارمیسی عجمان، باس پری کاسمیٹکس دبئی اور سوپر فکس آٹو سینٹر دبئی نمایاں نام ہیں۔ ان تمام کرم فرماؤں سے اظہارِ تشکر کے لئے گلیمر اینڈ اسٹائل کی ناجیہ فرقان نے شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس بھی پیش کئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!