ناروے:پاکستان سویٹ ہوم کے یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے اوسلو میں 70 لاکھ روپے کی خطیر رقم جمع

0

پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے زیراہتمام پاکستان سویٹ ہوم کے یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے فنڈ ریزنگ تقریب

گوجر خان اور سوہاوہ کے سنگم میں پاکستان سویٹ ہوم کے زیر اہتمام کیڈٹ کالج قائم کیا گیا ہے، زمرد خان

زمرد خان نے یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے ایک مثالی ادارہ قائم کرکے تاریخ رقم کر دی ہے، ویلفیئر اتاشی آصف حمید

اوسلو(رپورٹ:عقیل قادر)پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے زیر اہتمام پاکستان سویٹ ہوم کے یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے ایک فنڈ ریزنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور سفارت خانہ پاکستان سے ویلفیئر اتاشی آصف حمید نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں اوسلو و گردنواح سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور دل کھول کر یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے صدقات و عطیات دیئے۔تقریب کا آغاز حاجی شوکت سرور نے تلاوت قرآن سے کیا اور عبدالمنان نے نعت رسولؐ پیش کی۔

زمرد خان نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے بیت المال کا چارج سنبھالا تو انہیں سوات آپریشن کے دوران ایک یتیم بچے کی کفالت کی ذمہ داری دی گئی جس نے ان کی زندگی کو بدل دیا اور انہوں نے سویٹ ہوم کی بنیاد ڈالی اور دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان کے مختلف حصوں میں سویٹ ہومز کے ادارے وجود میں آنے لگے۔

انہوں نے بتایا کہ گوجر خان اور سوہاوہ کے سنگم میں پاکستان سویٹ ہوم کے زیر اہتمام کیڈٹ کالج قائم کیا گیا ہے اور آزاد کشمیر راولا کوٹ میں بھی ایک ادارہ اس سال مکمل کر لیا جائے گا۔

ویلفیئر اتاشی آصف حمید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمرد خان نے یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے ایک مثالی ادارہ قائم کرکے تاریخ رقم کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ زمرد خان جس محنت اور لگن سے ادارے کو چلا رہے ہیں اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔مفتی محمد زبیر تبسم نے قرآن و حدیث کی روشنی میں یتیم اور بے سہارا بچوں کا سہارہ بننے کی فضیلت بیان کی۔

پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے مرکزی رہنما چوہدری اسماعیل سروربھٹیاں نے گفتگو کرتے ہوئے تمام شرکاء کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اہلیان اوسلو کو دل کھول کر عطیات و صدقات جمع کرانے پر مبارکباد پیش کی ۔

زمرد خان اور چوہدری اسماعیل سرور نے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کی نقابت کے فرائض معروف سماجی رہنما راشد علی اعوان نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!