سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے قومی پرچم ہوا میں لہرایا
کویت(رپورٹ:محمد عرفان شفیق) کویت میں سفارتخانہ پاکستان میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے قومی پرچم ہوا میں لہرایا۔اس موقع پر اسکول کے بچوں نے قومی ترانہ پڑھا۔
پرچم کشائی کے بعد ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید نے صدر پاکستان عارف علوی اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ امیر سیال نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام پڑھا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو یوم پاکستان اور رمضان کی مبارکباد دی اور کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے آباء و اجداد کی قربانیوں کو یاد رکھنے کی تلقین کرتا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ ہم اپنے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
جنہوں نے پاکستان ناقابل تسخیر بنایا ہے اور سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس سال کا یوم پاکستان کویت اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر منایا جا رہا ہے، جس کے سلسلے میں مختلف مشترکہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔