کویت:یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے زیر اہتمام سمر کیمپ کی افتتاحی تقریب

0

کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے زیر اہتمام سکول کے بچوں کے سمر کیمپ کی افتتاحی تقریب اسلامک کلچر سنٹر خیطان میں منعقد کی گئی۔ تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض لیاقت بٹ نے ادا کیے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے کیا گیا جس کی سعادت نوجوان قاری ابراہیم شفیق کے حصے میں آئی۔

قائم مقام صدر یوتھ ونگ عبدالغفار نے یوتھ ونگ کے اغراض و مقاصد اور اس کی عمومی سرگرمیوں اور کمیونٹی خدمات کے حوالے سے یوتھ ونگ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ سمر کیمپ کے فارمیٹ اور بچوں کے لیے سمر کیمپ کے اہداف بارے میں سمر کیمپ کے انچارج ذیشان علی نے حاضرین کے سامنے گفتگو رکھی۔

یوتھ ونگ کے سابق صدر اور موجودہ شعبہ تعلقات عامہ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے انچارج صدف علی صدف نے سمر کیمپ کی 17 سالہ تاریخ اور اس کی شاندار کارکردگی کے بارے میں والدین اور بچوں کو آگاہ کیا۔

مرکزی خطاب میں صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جاوید اقبال نے قرآن و حدیث سے مثالیں پیش کرتے ہوے تربیت کی اہمیت کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور دین اسلام کی روشنی میں "ان کے حل اور اس میں بچوں کی تربیت کیوں اور کیسے کی جائے” کو بڑی تفصیل سے پیش کیا۔

تقریب میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی قیادت سمیت سمر کیمپ میں داخلہ لینے والے کثیر تعداد میں بچوں اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر جنرل سیکرٹری اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نثار احمد خٹک نے دعا کروائی جس میں پاکستانی کمیونٹی اور امت مسلمہ کے روشن مستقبل کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں بچوں کے ساتھ ملکر سمر کیمپ کا کیک کاٹا گیا اور پھر بچوں اور والدین کی ریفریشمنٹ سے تواضع بھی کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!