سعودی عرب میں تعینات نئے پاکستانی سفیر احمد فاروق سے پاک میڈیا فورم کے عہدیداروں کی ملاقات،مختلف امور پر تبادلہ خیال

0

ریاض(وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں نئے پاکستانی سفیر احمد فاروق سے پاک میڈیا فورم کے عہدیداروں نے ملاقات کی ہے جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستانی سفیر نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا جرائم میں ملوث ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے اس سے نئے آنے والے ورکرز کو مشکلات اور پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستانی سفیر احمد فاروق سے پاک سعودی تجارتی اور سرمایہ کاری سمیت صحافتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اسکے علاوہ کمیونٹی اور ورکرز کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی جبکہ پاکستانی سکولز کے مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا جس پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ پاکستان اور سعودی قیادت دو طرفہ معاشی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کام کر رہی ہے اور سعودی عرب میں مقیم لاکھوں ورکرز ترسیلات زر بھیج کر ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

سفیر پاکستان نے سعودی عرب میں مختلف جرائم اور منشیات فروشی میں ملوث پاکستانیوں کے ملوث ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور اس خدشے ظاہر کیا کہ اس سے پاکستان سے نئے آنے والے ورکرز اور ہنر مندوں پر پابندی عائد ہوسکتی ہے اس لئے مقامی قوانین کا احترام کریں اور پاکستان کی نیک نامی کا باعث بنیں۔

اس موقعہ پر سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر سیکشن کی جانب سے ورکرز کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات میں پاک میڈیا فورم کے چیئرمین الیاس رحیم، صدر ذکاءاللہ محسن، جنرل سیکرٹری رانا عظیم یونس، جوائنٹ سیکرٹری اجمل منہاس شریک تھے جبکہ سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری محسن سیف اللہ، سیکنڈ سیکرٹری ایمن بھی ملاقات میں شریک تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!