کوالالمپور:پاکستان مسلم لیگ (ن) ملائشیا چیپٹر کے زیراہتمام "ہماری پہچان،پرامن،خوشحال پاکستان ” کے نام سے تقریب کا انعقاد

0

کوالالمپور (محمد وقار خان)کوالالمپور ملائشیا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملائشیا چیپٹر کی طرف سے ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ۔میٹنگ کا سلوگن "ہماری پہچان ، پرامن ، خوشحال پاکستان ” تھا ۔

تقریب کے آغاز میں شیخ محمد ثاقب شامی نے تلاوت کلام پاک ، جبکہ خصوصی طور پہ پاکستان سے تشریف لائے ہوئے اعظم چشتی نے نعت رسول مقبول ؐکی سعادت حاصل کی ۔چیئرمین PML ( N ) ڈاکٹر مبشر نے پیش لفظ ادا کرتے ہوئے جمہوری عمل کی افادیت پہ بات کی ،انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے گولی اور گالی کے بغیر فقط جمہوری جدوجہد سے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ملک حاصل کیا تھا ، ہمیں بھی اسی عمل اور سوچ کو آگے لے کے بڑھنا ہے ۔ پردیس میں رہنے والا ہر پاکستانی اپنے ملک کا ایمبیسڈر ہے ، ہمیں ہر سطح پر اس ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے اپنے وطن کا پرچم بلند رکھنا ہے اور پاکستان میں یا پاکستان سے باہر بیٹھ کر اپنے ملک کے خلاف کسی کو بات کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہیے ۔

سرپرست پی ایم ایل این ملائشیا چیپٹر چوہدری نثار احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی پارٹیاں اپنے اندرونی و بیرونی معاملات کو گفت و شنید سے حل کریں اور ہر سطح پر ملکی تشخص اور عزت کا خیال رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں اتحاد کی جتنی ضرورت ہے ، شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی ۔ ملائشیا کی طرح پوری دنیا میں بسنے والا ہر اوورسیز پاکستانی محب وطن ہے ، لیکن اب وقت ہے کہ ہر کوئی اپنی اپنی قومی ذمہ داریوں کو سمجھے اور اپنے ہر عمل میں سمجھداری کا ثبوت دے ۔

جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن) علی سلطان نے کارکنان اور تمام پاکستانیوں میں اتحاد اور آپسی اختلاف بھلا کر ملکی ترقی کی سوچ اپنانے کی اپیل کی ۔انہوں نے مذید کہا کہ اب ہم ملائشیا میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کی بھرپور ممبرشپ کریں گے اور ہر سطح پر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔

سینئر نائب صدر خرم شیرازی نے مسلم لیگ (ن) کا آفیشیل نوٹ پڑھ کر سنایا کہ "ہم کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کے وارث ہیں ،اسی حوالےسے دنیا میں اپنا ایک الگ تشخص رکھتے ہیں، ہمیں اس تشخص کو برقرار رکھنا ہے اور ہم بحیثیت اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کی عزت کے ذمہ دار ہیں ۔ہم مستحکم اور پرامن پاکستان چاہتے ہیں ۔ہم ترقی کے درست راستے پر گامزن تھے لیکن پھر اندرونی خلفشار کی وجہ سے واپس 70 کی دہائی میں جا پھنسے ہیں ،جب تک ہم پرامن نہیں ہونگے،ہم ترقی نہیں کرسکیں گے ۔

تقریب کے آخر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملائشیا کے لیگل ایڈوائزر اشاعت خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں سیاست کو گالی سمجھا جاتا ہے اور سیاستدان کو اسکا جائز مقام نہیں دیا جاتا ۔ حالانکہ متعدد بار ایسا ہوا کہ سیاستدانوں نے مختلف مسائل میں پھنسے ملکی اداروں کو ،ان مسائل سے نکالا اور ہم آئندہ بھی بوقت ضرورت یہ فرض ادا کریں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!