کار ریلی کا اہتمام چوہدری زاہد رضا بھدر نے سردار صدیق خان اور فرید خان کے مشترکہ تعاون سے کیا
برسلز ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان زندہ باد اور استحکام پاکستان کار ریلی کا اہتمام بیلجئم کے معروف سیاحتی مقام اٹومیئم اسکوائر پر کیا گیا۔
اس کار ریلی کا اہتمام ای یو پاک بیلجیئم فیڈریشن کے صدر چوہدری زاہد رضا بھدر نے کمیونٹی رہنما سردار صدیق خان اور ہم ہیں پاکستان آرگنائزیشن بیلجیئم کے صدر فرید خان کے مشترکہ تعاون سے کیا تھا۔
کار ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم ، شہدائے افواج پاکستان اور پاکستان آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر اٹھا کر اٹومیم اسکوائر کی مختلف شاہراہوں پر افواج پاکستان سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ۔
اس کار ریلی میں بیلجیئم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی راہنماؤں اور دیگر سیاسی سماجی جماعتوں کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
شرکاء نے عسکری قیادت کے قد آور پوسٹروں سمیت آرمی چیف کے پوٹریٹ بھی اٹھا رکھے تھے۔کار ریلی میں ملی نغموں کے دوران شرکاء نے جھنڈے لہرا کر پاکستان اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کمونٹی راہنما سردار صدیق خان، فرید خان، فیصل بھائی،کشمیری راہنما علی رضا سید، ہادی شاہ ، سلمان خان ، شیخ حماد، ناصر شاہ ، راجہ عبدالقیوم اور رانا ارباب نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں ریاست کو نقصان پہنچانا انتہائی افسوس ناک ہے اور کسی فرد یا سیاسی جماعت کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملکی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہیں۔ پاکستان کے عوام اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وہ ملکی سلامتی کے اداروں کو متنازعہ بنانے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دے گی۔
انکا کہنا تھا کہ افواج پاکستان پوری قوم کا فخر ہیں، اس وقت ہمیں آپس میں قومی اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم پاکستان اور افواج پاکستان کے استحکام ،ترقی ،خوشحالی کے لیئے مل کر کام کرتے رہیں گے اور بیرون ملک پاکستان کا اصل اورمثبت چہرہ اُجاگر کرنے کےلیے اپنی کوششیں اور کاوشیں جاری رکھیں گے۔