یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کی رنگا رنگ تقریب

0

کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیر اہتمام جشن یوم آزادی پاکستان کی خوبصورت تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ پاکستان محترم فرخ امیر سیال تھے۔

تقریب کی صدارت، صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت محترم جاوید اقبال نے کی۔تقریب کی خاص بات یوتھ ونگ کے زیر اہتمام پچھلے دو ماہ سے جاری سکول کے پچوں کے سمر کیمپ کی تقسیم اسناد تھی جس کی تقریب کو ماہ اگست کی مناسبت سے جشن آزادی کی تقریب کے ساتھ ضم کیا گیا تھا۔

ان دونوں مشترکہ تقریبات کی مناسبت سے پروگرام میں سمر کیمپ کے بچوں اور ان کے والدین نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کی کمپیئرنگ لیاقت بٹ اور سمر کیمپ انچارج ذیشان علی نے ملکر کی۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت محمد بلال منیر کے حصے آئی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد لیاقت بٹ نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔

اس کے بعد صدر یوتھ ونگ نوید پاشا نے یوم آزادی اور سمر کیمپ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔اس کے بعد بچوں نے پاکستان کے قومی ترانے پر ٹیبلو پیش کیا جسے حاضرین محفل نے خوب سراہا۔اس کے بعد مہمان خصوصی فرخ امیر سیال نے اظہار خیال کیا، انہوں نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی اور اس کے یوتھ ونگ کی قومی خدمات پر تمام قائدین اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کویت میں موجود تمام کمیونٹی تنظیمیں اپنے اپنے طور پر بہت اچھے کام کر رہی ہیں مگر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت اور اس کے یوتھ ونگ کی ٹیم سب سے بہترین کام کر رہی ہے، وہ اس لیے کہ یہ لوگ اپنی مستقبل کی نسلوں کی اسلامی طرز پر تربیت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں جو کل کو ملک اور ملت اسلامیہ کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ کام ہے جو ہم سب کو کرنا چاھئیے کیونکہ یہ ہماری بنیادی ذمہ داریوں میں سے ہے کہ ہم دنیا کو اچھے انسان اور اچھے شہری مہیا کر کے جائیں جو آگے چل کر ملک و قوم کے لیے بہترین کردار ادا کریں۔

انہوں نےاسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی قیادت کو کسی بھی اس طرح کے پراجیکٹ کے لیے ذاتی اور سرکاری حیثیت میں اپنی ہمہ وقت خدمات کا یقین دلایا۔

اس کے بعد ایک سیشن میں سمر کیمپ میں خدمات سر انجام دینے والے اساتذہ اور بچوں کو اسناد دی گئیں۔ اس کے بعد صدر محفل صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جاوید اقبال نے خصوصی خطاب کیا۔انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں امت مسلمہ کے بچوں کو تربیت کی ضرورت پر زور دیا اور آزادی کے فلسفے پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ مادر وطن پاکستان جس مقصد اور جس نام کے ساتھ بنایا گیا تھا وہ مقصد ہنوز باقی ہے اور 76 برس گزر جانے کے باوجود ملک کی حکمران جماعتوں اور سیاسی قیادت نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی، جس کا نتیجہ آج ہمارے سامنے ہے کہ ملک کس طرح مشکلات کی دلدل میں دھنستا چلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ ہم میں سے ہر شخص اپنی ذمہ داری کو محسوس کرے اور ملکی بقا اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے فراز کے شعر
شکوہ ظلمت شب سے تو کہیں بہتر تھا
اپنے حصے کی کوئی شمع جلاتے جاتے

کا حوالہ دیتے ہوے حاضرین مجلس سے کہا کہ وہ الله کے پاس جوابدہی کے احساس کے ساتھ خوشنودئی خدا کے لیے کام کرنے والے لوگوں کے دست و بازو بنیں تا کہ کل کو آپ رب تعالٰی کو جواب دے سکیں کہ آپ نے اپنے حصے کی کوشش کی۔

اس کے بعد دوسرے حصے کی تقسیم اسناد ہوئی جس میں حلقہ خیطان کے 40 بچوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ بچوں کے والدین نے اظہار خیال کرتے ہوے کہا کہ یوتھ ونگ کی ٹیم نے سمر کیمپ میں جس طرح ہمارے بچوں کو سکھایا، ان کی تربیت کی، اور ان کا خیال رکھا، اس طرح تو شاید ہم خود بھی نہ کر پاتے۔ والدین نے کہا کہ اس سمر کیمپ کی وجہ سے ہمارے بچوں پر بہت مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور بچے بہت اچھی اور مفید چیزیں سیکھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئیے تا کہ ہم اپنے بچوں کو اس تربیت گاہ میں شامل کرتے رہیں۔

آخر میں محترم حافظ حفیظ الرحمن نے دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا۔ پروگرام کے بعد مہمان بچوں اور ان کے والدین کے لیے ڈنر کا بہترین انتظام کیا گیا تھا جس میں چکن بریانی، بٹر چکن کری، بچوں کی پسند کی نوڈلز، روٹی، سلاد اور سویٹ ڈش شامل تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!