آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی،عابد شیرعلی
ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا ،انتشار اور نفرت کی سیاست کو شکست دی جائے گی۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کی جانب سے منعقدہ تقریب میں لیگی عہدیداروں اور اراکین سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ 2013 سے نوازشریف کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کا سفر شروع کیا اور ملک کو سنگین مسائل سے نکالا جس سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوا مگر 2018 کے بعد عمران خان نے پاکستان کو نا صرف مسائل سے دوچار کیا بلکہ انتقامی سیاست کے ساتھ ساتھ ملک میں انتشار اور نفرت کو فروغ دیا جس کا پاکستان کبھی متحمل نہیں ہوسکتا۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف پاکستان واپس آئیں گے اور ان کا پوری قوم ملکر استقبال کرے گی اور آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن عوامی مینڈیٹ سے بھاری اکثریت سے جیت کر ایک مرتبہ پھر سے ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع کرے گی۔
تقریب سے مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، چوہدری سجاد علی، مخدوم امین تاجر، وسیم ساجد، قاضی اسحاق میمن، وقار نسیم وامق،کنول انیس اور دیگر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقاء جمہوریت میں ھے اور اداروں کو فعال بنانے میں ہے اور ہمیں یقین ہے کہ نوازشریف برسر اقتدار آکر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے میں اہم پالیسیوں کو رائج کریں گے۔
تقریب میں چوہدری عابد شیر علی کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔