سویڈن یورپ میں قتل و غارت گری کے دارلخلافے کے نام سے جانا جانے لگا

0

سویڈن میں دستی بم حملے اور گولیوں کی گنگناہٹ سے معصوم شہریوں کی ہلاکتیں حکومت کیلئے دردِ سر بن گئیں

مالمو (رپورٹ:زبیرحسین) سویڈن میں دستی بم حملے اور گولیوں کی گنگناہٹ سے معصوم شہریوں کی ہلاکتیں حکومت کے لئے دردِ سر بن گئیں،سویڈن یورپ میں قتل و غارت گری کے دارلخلافے کے نام سے جانا جانے لگا۔

دنیا بھر کے میڈیا کی نظریں سویڈن پر اس وقت مبذول ہوئیں جب سویڈش وزیرِ اعظم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم گینگ وار پر کنٹرول کے لئے فوج کو طلب کررہے ہیں، جبکہ نیا قانون بھی متعارف کروایا جارہا ہے جس سے پولیس فون پر ہونے والی گفتگو سن سکے گی۔

سویڈن کے فوکس تروت(Foxtrot) نامی گینگ نیٹ ورک میں آپسی رنجش کا معاملہ انتہائی صورت اختیار کرچکا ہے، گینگ ممبران نے ایک دوسرے کے رشتے داروں اور یہاں تک معصوم لوگوں کو بھی نشانہ بناڈالا، ستمبر میں 12ہلاکتوں کے بعد سویڈن کے وزیرِاعظم اولف کرسترسن نے فوج سے مدد طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق فوکس تروت نیٹ ورک کے سربراہ ’راوا مجید Rawa Majid‘کے خلاف گینگ میں لوگوں نے بغاوت کرنا شروع کی جس کے باعث نیٹ ورک دو حصوں میں تقسیم ہونا شروع ہوا۔

گینگ ملزمان اس وقت آمنے سامنے ہوئے جب ایک گینگ کرمنل کی 60 سالہ ماں کو سویڈن کے شہر اپسالہ میں ہلاک کیا گیا اور یوں سویڈن میں خون ریزی کا سلسلہ شروع ہوا جس میں بیشتر معصوم افراد جن میں 13 اور 14 سولہ بچوں سمیت 12 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

اب تک دارلحکومت اسٹاک ہوم، اپسالا اور ایسکل استونا سمیت کئی شہروں میں فائرنگ اور دستی بموں سے حملے ہوچکے ہیں جنہیں روکنے میں سویڈ ش پولیس ناکام رہی۔فوکس تروت نیٹ ورک کا سربراہ ’راوا مجید‘ ترکیہ سے نیٹ ورک کو آپریٹ کررہا ہے۔

سویڈش پولیس کے مطابق کم عمر نوجوان اور بچے گینگ میں شمولیت حاصل کرنے اور قتل کرنے کے لئے خود ہی گینگز سے رابطے کر کے اپنی بہادری کا نمونہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔

سویڈن کی درخواست پر گینگ کے سربراہ کی ترکیہ کی شہریت واپس لینے اور جلد ہی اسے سویڈن کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے، جبکہ اکتوبر کے آغاز سے ہی ایک نیا قانون بھی متعارف کروادیا گیا ہے جس سے سویڈش پولیس اب فون پر ہونے والی گفتگو کو سن سکے گی جس سے بروقت جرائم پر قابو پایا جاسکے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!