مالمو (زبیر حسین) کرکٹ ورلڈکپ زور و شور سے جاری ہے مگر کرکٹ کے دیوانے فقط ٹی وی اسکرین یا گراؤنڈ تک ہی محدود نہیں، یورپ میں پاکستانی نژاد کرکٹ کے متوالے مختلف کرکٹ کلب کا حصہ بن کر نا صرف اپنا بلکہ وطن عزیز کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔
سویڈن میں یوں تو بیشتر کرکٹ کلب ہیں مگر Evergreen کرکٹ کلب اپنی مثال آپ ہے، مذکورہ کلب کا زیادہ تر رجحان کھیل کے ذریعے نوجوانوں کی ذہنی نشوونما صحت مندانہ طور پر کرنا ہے۔
سویڈن کے اس کلب نے جہاں تاریخی فتوحات حاصل کیں ہیں وہیں اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں انعامات سے بھی نوازا ہے،مذکورہ تقریب میں چیمپئن ٹرافی ایورگرین سی سی سیکنڈ الیون کیپٹن ثاقب لطیف نے وصول کی۔
سیزن 2023 کے لیے بہترین باؤلر اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز شیراز کے سر رہا،عبداللہ بہترین بلے باز،سیزن کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا اعزاز ثقلین عباس، جبکہ یوتھ ٹیلینٹ کا ایوارڈ سبحان کو دیاگیا، ایور گرین کلب نے اپنے لیجینڈری کھلاڑیوں زاہد کیانی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا۔
تقریب میں پاکستان پریس کلب اسکینڈے نیویا کی نمائندگی زبیر حسین نے کی۔کلب کی انتظامیہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم نوجوانوں کو کھیل کے ذریعے مثبت زندگی گزارنے کا طریقہ سکھانا ہے۔ تقریب کے اختتام پر کلب ممبران کے لیے خصوصی اعشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔