سوئٹزرلینڈ کے شہر باصل میں جلسہ عید میلادالنبیؐ کا انعقاد،سفیر پاکستان عامر شوکت اور پیر سید جعفرعلی شاہ کی خصوصی شرکت
باصل (تارکین وطن نیوز)سوئٹزرلینڈ کے شہر باصل میں مرکزی جلسہ عید میلادالنبی ؐزیرسرپرستی صاحبزادہ سید علی جیلانی منعقد ہوا جس کے مہمانان خصوصی سفیر پاکستان عامر شوکت اور یورپ کے مشہور نعت خواں پیر سید جعفر علی شاہ سواتی تھے۔
محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ، ہال عاشقان رسولﷺ کے نعروں اور درودسلام سے گونجتا رہا تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز سید علی جیلانی نے کیا،
آقا کے حضور نعتوں کے گلدستے محمد نصیر، محمودالحسن شاہ، سید زین جیلانی، ریاض دین ،خالد پنی ،امبر جیلانی ،اصباح حیدر نے پیش کئے ،اس موقع پر سفیر پاکستان عامر شوکت نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ قرآن مجید آقا پر نازل ہوا اور یہ ہی ہما رے لئے مشعل راہ ہے۔
اگر ہم آقا کے اسوہ حسنہ کے چند پہلو اپنالیں تو یہ دنیا کیا ہم آخرت میں بھی سر خرو ہو نگے، آپ صادق امین تھے اور اور آپؐ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا اور آپ نے لوگوں کو معاف کیا کیونکہ آپ اس دنیا میں رحمت بن کر آئے۔
سید علی جیلانی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ قرآن میں خدا فرماتاہے جب تمہیں خدا کا فضل اور رحمت عطا ہو تو خوب خوشیاں منائو ہما رے آقا دنیا کی سب سے بڑی رحمت ہیں رحمتہ اللعلمین ہیں تو ان کے میلاد پر ہمیں بے انتہا خوشیاں منانی چا ہئیں ۔
یورپ کے مشہور نعت خواں سید جعفر علی شاہ نے اپنے مخصوص انداز میں اپنے خوبصورت کلام سے لوگوں کے ایمان کو تازہ کیا، آخر میں سید علی جیلانی نے اجتماعی دعا کی لنگر محمدی سجاد خان اور راجہ فیاض نے تیار کیا ،ذوالفقار احمد، محمد اختر خالد، گوجر محمد خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔